یکطرفہ فیصلہ پر کانگریس کا احتجاج
حیدرآباد ۔10۔ جون(سیاست نیوز) وزیر اینمل ہسبینڈری سرینواس یادو نے کہا کہ جی ایچ ایم سی حدود میں کورونا کے تیزی سے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے جاریہ سال بونال فیسٹول منسوخ کردیا گیا ہے ۔ شہر سے تعلق رکھنے والے وزراء اور مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سرینواس یادو نے کہا کہ بونال کے موقع پر مندروں میں پوجا کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ عوام کو چاہئے کہ وہ اپنے گھروں میں بونال فیسٹول منائیں۔ انہوں نے کہا کہ مندر کے حدود میں پجاری گٹھم کا اہتمام کریں گے اور کوئی جلوس نہیں ہوگا ۔ انہوں نے عوام سے اس سلسلہ میں تعاون کی اپیل کی ہے۔ اسی دوران پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان جی نرنجن نے بونال تقاریب کو منسوخ کرنے حکومت کے فیصلہ کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں اور مندروں کی کمیٹیوں سے مشاورت کے بغیر یکطرفہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔ نرنجن نے کہا کہ کورونا وائرس کے نام پر بونال تقاریب کو منسوخ کرتے ہوئے عوام کے جذبات مجروح کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سماجی فاصلہ اور دیگر احتیاطی تدابیر کے ساتھ بونال فیسٹول منایا جاسکتا ہے ۔ حیدرآباد کی بونال تقاریب ملک بھر میں شہرت رکھتی ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ اپنے فیصلہ پر نظرثانی کرے۔