حیدرآباد میں گذشتہ 6 مہینوں میں سڑک حادثات میں 134 اموات

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد ۔ 16 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : گذشتہ چھ ماہ میں حیدرآباد میں سڑک حادثات میں 134 افراد ہلاک ہوگئے ۔ اس میں سب سے زیادہ 95 اموات حد سے زیادہ رفتاری کی وجہ سے ہوئیں ۔ اسی دوران 39 پیدل راہگیر بھی حادثات میں ہلاک ہوگئے ۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے یکم جنوری تا 30 جون کے لیے جاری مہلک سڑک حادثات کے ڈیٹا کے مطابق ماہ فروری میں سب سے زیادہ تعداد میں مہلک سڑک حادثات ہوئے جس میں 36 اشخاص کی موت ہوگئی ۔ اس کے بعد اپریل میں 29 اموات ، مارچ میں 20 ، جنوری میں 18 ، جون میں 18 اور مئی میں سڑک حادثات میں 13 لوگوں کی ہلاکت ہوئی ۔ انیل کمار ، ایڈیشنل کمشنر آف پولیس ( ٹریفک ) نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے بلیک اسپائس کی نشاندہی کرتے ہوئے حادثات کے تدارک کے لیے تمام تر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ تقریبا 50 بلیک اسپائس کی نشاندہی کی گئی اور دیگر ایجنسیز کے ساتھ درستگی کے کام شروع کئے گئے تاکہ ان مقامات پر حادثات کا تدارک ہوسکے ۔ ٹریفک پولیس نے کہا کہ حد سے زیادہ رفتار کے باعث ہونے والے حادثات میں 95 اموات ہوئیں ۔ چھ اموات حالت نشہ میں گاڑی چلانے کی وجہ سے ہوئیں ، آٹھ اموات رانگ سائیڈ ڈرائیونگ کرنے کی وجہ اور تین اموات کم سن بچوں کی ڈرائیونگ سے ہوئیں ۔ پندرہ اموات ڈرائیونگ میں غفلت اور لاپرواہی کرنے اور سڑک پر اچانک کتوں کے آجانے کی وجہ سے ہوئیں ۔ انیل کمار نے کہا کہ پولیس کی جانب سے سڑک سلامتی پر بیداری پروگرامس منعقد کرتے ہوئے عوام میں بیداری پیدا کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’ حال میں ٹریفک اویرنیس ٹسٹ ایپ ‘ T-20 کو بھی لانچ کیا گیا تاکہ نوجوانوں میں سڑک سلامتی اور ٹریفک قواعد سے متعلق بیداری پیدا کی جائے ۔ روڈ سیفٹی پر تین مختصر فلمیں بھی ریلیز کی گئیں ۔۔