حیدرآباد میں رقومات کی منتقلی پر الیکشن کمیشن کی نظر،62 لاکھ روپئے کی ضبطی

,

   

حیدرآباد: اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل آوری کے دوران نقدی رقم کی ضبطی ، امن و ضبط کی برقراری کیلئے اسلحہ کو ڈپازٹ کرنے اور سیاسی جماعتوں سے پوسٹرس و بیانرس نکالنے کے سلسلہ میں کئے گئے اقدامات کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن کے مطابق 18 نومبر تا 20 نومبر گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 62 لاکھ 21 ہزار 800 روپئے ضبط کئے گئے۔ فلائینگ اسکواڈس کی جانب سے 60 لاکھ 31 ہزار 800 روپئے ضبط کئے گئے جبکہ دیگر اداروں نے ایک لاکھ 90 ہزار روپئے ضبط کئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کو رقم کی منتقلی کے سلسلہ میں 10 شکایات موصول ہوئی ہیں اور 10 ایف آئی آر درج کئے گئے۔ کمیشن کے مطابق 20 نومبر تک 1899 لائسنس یافتہ اسلحہ کو ڈپازٹ کرایا گیا۔ 2399 افراد کو باؤنڈ اوور کیا گیا ہے۔ 148 غیر ضمانتی وارنٹس کی تکمیل کی گئی اور 1823 وارنٹس کی تکمیل باقی ہے۔ 17 تا 20 نومبر 11,758 سیاسی جماعتوں کے بیانرس ، پوسٹرس ، بورڈس ، فلیکسی اور پرچموں کو نکالا گیا جو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے تحت تھے۔