حیدرآباد میںمجسمہ امبیڈکر کی عدم تنصیب پر مرن برت کی دھمکی

   

Ferty9 Clinic


راؤنڈ ٹیبل کانفرنس، ہنمنت راؤ ، وینکٹ ریڈی اور دیگر قائدین کی شرکت
حیدرآباد: کانگریس پارٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ 14 اپریل 2021 تک پنجہ گٹہ چوراہے پر دستور کے معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا مجسمہ نصب کیا جائے۔ سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ نے مجسمہ امبیڈکر کی تنصیب کے مسئلہ پر راؤنڈ ٹیبل کانفرنس کا اہتمام کیا تھا جس میں مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں سے وابستہ افراد نے شرکت کرتے ہوئے مجسمہ کی تنصیب کا مطالبہ کیا۔ گزشتہ سال پولیس نے مجسمہ کی تنصیب کی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے مجسمہ کو تحویل میں لے لیا تھا ۔ وی ہنمنت راؤ نے دھمکی دی ہے کہ اگر مجسمہ نصب نہیں کیا گیا تو وہ مرن برت کا آغاز کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر کی جانب سے تیار کردہ دستور کے نتیجہ میں علحدہ تلنگانہ ریاست قائم ہوئی ہے لیکن کے سی آر حکومت کے پاس ان کا کوئی احترام نہیں ہے ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ پولیس نے حکومت کی ہدایت پر مجسمہ کو اپنی تحویل میں لے لیا اور دینے سے انکار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجسمہ کی تنصیب کے لئے مہم میں شدت پیدا کی جائے گی ۔ سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے مجسمہ کی تنصیب کے سلسلہ میں حکومت کے رویہ پر تنقید کی اور ہنمنت راؤ کی تائید کا اعلان کیا ۔ راؤنڈ ٹیبل کانفرنس میں سابق ایم ایل سی راملو نائک ، تلگو دیشم کے ایس سی سیل کے صدر اشوک ، پی ڈی ایس یو کی قائد سندھیا ، کانگریس اقلیتی قائد فخرالدین ، بی سی سنگھم کے قائد جی کرشنا ، این ایس یو آئی کے ریاستی صدر بی وینکٹ ، پردیش کانگریس کے ترجمان آر لکشمن یادو کے علاوہ سریکانت گوڑ ، دیاکر ، کرانتی کمار ، ابھیجیت یادو اور دوسروں نے شرکت کی۔