حیدرآباد و سکندرآباد کے پارکنگ مافیا کے خلاف کارروائی

   

عوام کو پارکنگ پالیسی سے واقف کروانے کا فیصلہ
حیدرآباد۔ دونوں شہر وںحیدرآباد وسکندرآباد میں پارکنگ مافیا کے خلاف مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے شعبہ انفورسمنٹ ویجلنس اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے سخت کاروائی کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ دو یوم کے دوران دونوں شہروں کے مختلف علاقوں میں ای وی ڈی ایم کے عہدیدارو ںکی جانب سے پارکنگ فیس کی وصول کرنے والے افراد کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ بتایاجاتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے شہر حیدرآباد میں غیر قانونی طور پر پارکنگ فیس وصول کرنے والوں کے خلاف کاروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے پارکنگ فیس وصولی کی پالیسی سے شہریوں کو واقف کروانے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ دونوں شہروں میں جن مقامات پر غیر مجاز پارکنگ فیس وصول کی جا رہی ہے ان مقامات کا جائزہ لیا جائے گا اوراگر غیر مجاز طو رپر خانگی افراد کی جانب سے پالیسی کے برخلاف فیس وصول کی جا رہی ہے تو ان پر فوجداری مقدمات درج کئے جائیں گے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ کسی بھی شاپنگ کامپلکس میں جہاں خریداری کی گئی ہو وہاں پر لگائی جانے والی گاڑیوں سے کوئی پارکنگ فیس وصول کرنے کی اجازت نہیں ہے اور بعض مقامات پر کامپلکس کے کھلے مقامات پر پارکنگ فیس کی وصولی کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ کامپلکس اور کھلی اراضیات علحدہ ہیں لیکن بلدی عہدیداروں نے بتایا کہ جن کامپلکس میں پارکنگ کی سہولت نہیں ہے ان کامپلکس میں موجود تاجرین کو متنبہ کیا جائے گا اور اگر شاپنگ کامپلکس کی جانب سے پارکنگ کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات نہیں کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے ان کامپلکس کے خلاف کاروائی کی جائے گی ۔بتایاجاتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے حکومت تلنگانہ کی جانب سے نافذ کی جانے والی پارکنگ پالیسی کو لازمی قابل عمل بنانے کے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے اور اس کی ذمہ داری ای وی ڈی ایم کے حوالہ کی گئی ہے۔جی ایچ ایم سی کے اعلیٰ عہدیداروں نے بتایا کہ دونوں شہروں کے مختلف مقامات کے ساتھ ساتھ بعض سرکاری دواخانوں اور رعیتو بازاروں سے بھی اس بات کی شکایات موصول ہورہی ہیں کہ غیرمجاز افراد من مانی پارکنگ فیس وصول کررہے ہیں اور ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی جا رہی ہے اسی لئے جی ایچ ایم سی نے پارکنگ فیس کے مسائل سے نمٹنے اور لوٹ کھسوٹ سے شہریوں کو بچانے کیلئے پارکنگ سے متعلق امور کو ای وی ڈی ایم کے حوالہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔