حیدرآباد ‘ ورنگل و کھمم بلدیات کے انتخابات کی تیاریاں ؟

   

جاریہ سال کے اواخر یا آئندہ سال کے اوائل میں انعقاد حکومت کے زیر غور
حیدرآباد۔5جون(سیاست نیوز) حکومت مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد و دیگر بلدیات کے انتخابات کی تیاریاں کر رہی ہے ۔ حیدرآباد بلدیہ کے ساتھ حکومت ورنگل اور کھمم کی بلدیات کے انتخابات پر غور کر رہی ہے اور کہا جارہا ہے کہ جاریہ سال کے اواخر یا آئندہ سال اوائل میں انتخابات کے انعقاد کے سلسلہ میں تیاریوں کے اشارے دئیے جارہے ہیں۔ حکومت سے انتخابات کے سلسلہ میں پارٹی کیڈر کے علاوہ عہدیداروں کو جاری ہدایات کے متعلق کہا جار ہاہے کہ برسراقتدار جماعت بلدی انتخابات کے انعقاد کیلئے ذہن بنا چکی تھی لیکن لاک ڈاؤن اور کوروناو ائرس کے سبب اس میں تاخیر ہوئی ہے لیکن اب جبکہ لاک ڈاؤن کو بتدریج ختم کیا جانے لگا ہے تو حکومت کی جانب سے دوبارہ بلدی انتخابات کے انعقاد کے پہلؤوں کا جائزہ لیا جانے لگا ہے۔ شہر کے بلدی انتخابات کے سلسلہ میں کہاجا رہاہے کہ حکومت بلدیہ کی معیاد کی تکمیل کے ساتھ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کی کوشش کریگی لیکن سیاسی جلسوں اور اجتماعات کے سلسلہ میں مرکزی حکومت کے رہنمایانہ خطوط کے بعد ہی یہ ممکن ہے۔ بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کا کہناہے کہ جاریہ سال کے اواخر میں یا آئندہ سال کے اوائل میں انتخابات کا انعقاد ممکن بنایا جاسکتا ہے

لیکن اس کیلئے سب سے پہلے حالات کو معمول پر لانے کی ضرورت ہوگی ۔ حالات معمول پر آئیں تبھی انتخابات کا انعقاد ہوسکتا ہے بصورت دیگر انتخابات کے انعقاد اور انتخابی مہم کے دوران سیاسی قائدین اور عوام کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ ماہرین کا کہناہے کہ سماجی فاصلہ کی برقراری اور پر ہجوم مقامات سے دوری اختیار کرنے کی تاکید طویل مدت تک برقرار رہنے کا امکان ہے اور اگر جاریہ سال کے اواخر اور آئندہ سال بھی سماجی فاصلہ کی برقراری اور ماسک کے علاوہ اجتماعات کے انعقاد کی اجازت نہیں دی جاتی ہے تو انتخابی عمل سے زیادہ انتخابی مہم کیلئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے کیونکہ انتخابی مہم کے دوران سماجی فاصلہ کی برقراری اور ہجوم کو روکنے کے اقدامات یقینی بنانا ممکن نہیں ہوگا ۔ انتخابات کے سلسلہ میں حکومت کے فیصلہ کے بعد ہی صورتحال واضح ہوگی کہ کورونا سے محفوظ رہنے شرائط کے ساتھ کس طرح انتخابات کے عمل کو ممکن بنایا جاسکے۔