حیدرآباد کا آج ممبئی سے ٹکراؤ، کشن پر نظریں

   

ممبئی : آئی پی ایل 2025 میں مسلسل ناقص کارکردگی کا شکار ممبئی انڈینز (ایم آئی) کو امید ہے کہ ان کے دو سینئرکھلاڑی، روہت شرما اور جسپریت بمرہ اپنی فارم بحال کریں گے جب وہ جمعرات کو وانکھیڑے اسٹیڈیم میں سن رائزرز حیدرآباد (ایس آر ایچ) کے خلاف میدان میں اتریں گے۔ دونوں ٹیموں نے اب تک چھ میچز میں صرف دو کامیابیاں حاصل کی ہیں، یہ میچ پوائنٹس ٹیبل پر درمیانی مقام کے لیے فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔ روہت شرما اس سیزن میں بدترین فارم میں نظر آئے ہیں۔ انہوں نے پانچ میچز میں صرف56 رنز بنائے ہیں اور ان کا اوسط 11.20 رہا ہے۔ اگرچہ ٹیم ان کے جارحانہ اندازکو برقرار رکھے ہوئے ہے، لیکن ان کے جلد آؤٹ ہونے سے ممبئی کا آغاز بار بار متاثر ہوا ہے۔ اب جبکہ انہیں پیٹ کمنز اور محمد سمیع جیسے خطرناک فاسٹ بولروںکا سامنا ہوگا، ان سے ایک بڑی اننگز کی توقع کی جا رہی ہے تاکہ ٹیم ایک بڑا ہدف حاصل کر سکے یا دفاع کر سکے۔ دوسری جانب، جسپریت بمرہ ممبئی انڈینز کی بولنگ کے اہم ستون ہیں، لیکن صحت یابیکے بعد واپسی پر وہ اپنی پرانی دھاک نہیں دکھا پا رہے۔ اگرچہ انہوں نے رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف ایک شاندار اسپیل کیا تھا، لیکن پچھلے میچ میں کرون نائر نے ان کے خلاف جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے44 رنز بٹور ے تھے۔ سن رائزرز کی بیٹنگ لائن اپ میں ابھشیک شرما، ٹریوس ہیڈ، ایشان کشن اور ہنریک کلاسن جیسے خطرناک بیٹرز شامل ہیں، ایسے میں بمرہ کا کردار نہایت اہم ہو جاتا ہے۔ ممبئی کو سوریاکمار یادو اور تلک ورما کی حالیہ فارم سے کچھ حوصلہ ضرور ملا ہے۔ خاص طور پر تلک ورما نے مسلسل دو نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔ نمن دھیر نے لوورآرڈر میں بیٹنگ اور فیلڈنگ دونوں شعبوں میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔ سن رائزرز حیدرآباد اپنی حالیہ کارکردگی سے کافی پر اعتماد ہوگی، خاص طور پر پنجاب کنگز کے خلاف 277 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے فتح نے ٹیم کا حوصلہ بلند کیا ہے۔ ابھشیک شرما کی 141 رنزکی دھواں دار اننگز اور ٹریوس ہیڈ و ہنریک کلاسن کی مستقل کارکردگی ٹیم کو جارحانہ مزاج دیتی ہے۔ ایشان کشن، جو ماضی میں ممبئی انڈینزکا حصہ رہے ہیں، وانکھیڑے اسٹیڈیم پر واپس آ کر ایک یادگار اننگز کھیلنے کے خواہشمند ہوں گے۔کشن نے حیدرآباد کے لئے پہلے ہی میچ میں شاندار سنچری اسکور کی ہے اور ان سے امید کی جارہی کہ وہ اپنی سابق ٹیم ممبئی کے خلاف ایک اور یادگار اننگز کھیلیں گے ۔ یہ میچ جمعرات، 17 اپریل کو وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس کی نشریات اسٹار اسپورٹس نیٹ ورک پر کی جائے گی، جبکہ لائیو اسٹریمنگ جیو ہاٹ اسٹار پر دستیاب ہوگی۔