حیدرآباد کلکٹریٹ پر سی پی آئی قائدین کا دھرنا

   

Ferty9 Clinic

ڈاکٹرس اور میڈیکل اسٹاف کے تحفظ میں حکومت ناکام، کل جماعتی اجلاس طلب کرنے وینکٹ ریڈی کا مطالبہ
حیدرآباد ۔15۔ جون(سیاست نیوز) سی پی آئی کی جانب سے آج حیدرآباد کلکٹریٹ کے روبرو دھرنا منظم کیا گیا اور جوائنٹ کلکٹر ایم کرشنا کو یادداشت پیش کی گئی۔ سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی اور سٹی سکریٹری ای ٹی نرسمہا کی قیادت میں دھرنا منظم کرتے ہوئے کورونا سے لڑنے والے ڈاکٹرس ، پیرا میڈیکل اسٹاف ، پولیس ، صفائی عملہ اور صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکامی کا الزام عائد کیا گیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کورونا کے مسئلہ پر کل جماعتی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے موجودہ صورتحال میں بہتر تجاویز پیش کی جاسکتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خانگی ہاسپٹلس میں غریبوں کا علاج ممکن نہیں ہے۔ لہذا حکومت کو سرکاری ہاسپٹلس میں بہتر سہولتوں کی فراہمی اور ہر ضلع میں ایک ہاسپٹل کورونا کیلئے مختص کرنا چاہئے۔ وینکٹ ریڈی نے الزام عائد کیا کہ حکومت عوام کی زندگی کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 دن میں 30 اسمبلی حلقوں میں 50,000 ٹسٹ ناکافی ہیں۔ حکومت کو ٹسٹ کی تعداد میں اضافہ کرنا چاہئے ۔