حیدرآباد کو منفرد اعزاز ، دنیا کے پسندیدہ شہروں میں 82 واں مقام

   

تاریخ سے ٹکنالوجی تک 400 سالہ تاریخی شہر نے دنیا کو دوبارہ متاثر کیا
حیدرآباد ۔ 26 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : چار سو سالہ تاریخی ورثے اور ثقافتی شان کا حامل شہر حیدرآباد آج بھی ترقی ، روزگار اور بھری جدت کا مرکز بنا ہوا ہے ۔ آصف جاہی دور سے ملک بھر میں اپنی پہچان قائم کرنے والا یہ شہر گذرتے وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوتا گیا ہے حکومتیں بدلتی رہیں ۔ پالیسیاں تبدیل ہوتی گئیں ۔ لیکن حیدرآباد کی ترقی کی رفتار کبھی نہیں رکی ۔ یہی وہ خصوصیت ہے جس نے اس شہر کو نہ صرف جنوبی ہندوستان بلکہ پورے ملک کے اہم ترین میٹرو پولیٹن کے مراکز میں شامل کردیا ہے ۔ ملک بھر سے لوگ بہتر روزگار ، تعلیم اور دیگر شہروں کے بہ نسبت کم اخراجات کی وجہ سے حیدرآباد میں مستقل طور پر قیام پذیر ہونے کو ترجیح دے رہے ہیں ۔ جب کہ گذشتہ چند برسوں میں شمالی ہندوستانی برادری کی تعداد میں بھی قابل لحاظ اضافہ ہوا ہے ۔ شہر حیدرآباد آئی ٹی شعبہ میں قدم جمانے کے ساتھ ساتھ تعمیری صنعت میں بھی اپنی مہارت کو پائیدار انداز میں ثابت کررہا ہے ۔ یہ تنوع حیدرآباد کی گلوبل کشش میں مسلسل اضافہ کررہا ہے ۔ اسی تناظر میں حیدرآباد نے ایک منفرد اعزاز بھی اپنے نام کیا ہے ۔ 2026 کی عالمی ٹاپ 100 بہترین شہروں کی فہرست میں حیدرآباد نے دنیا بھر میں 82 واں مقام حاصل کیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق شہر حیدرآباد نے خاص طور پر آئی ٹی خدمات میں مضبوط کارکردگی دکھاتے ہوئے نمایاں جگہ بنائی ہے ۔ ملک کے دیگر شہروں میں بنگلورو 29 ویں ، ممبئی 40 ویں اور دہلی کو 54 واں مقام حاصل ہوا ہے ۔ دور حاضر کی تیز رفتار ترقی اور عالمی رینکنگ میں اس نمایاں مقام نے پھر ایک بار ثابت کردیا ہے کہ 400 سالہ قدیم حیدرآباد اپنی تاریخی شان و شوکت کے ساتھ ساتھ جدید انفراسٹرکچر ، کاروباری مواقع اور پرکشش طرز زندگی کا امتزاج پیش کرتا ہے ۔ یہی خصوصیات حیدرآباد کو نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا کے بہترین شہروں کی صف میں جگہ دلاتی ہے ۔۔ 2