حیدرآباد کی ترقی میں بلڈرس اہم رول ادا کریں: اتم کمار ریڈی

   

سرمایہ کاروں کیلئے فیوچر سٹی کا قیام، حیدرآباد کی سلیکان ویلی کی طرز پر ترقی
حیدرآباد۔/13 اپریل، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی و سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں بلڈرس کے مسائل کی یکسوئی کیلئے ریاستی حکومت سنجیدہ ہے۔ حکومت رئیل اسٹیٹ کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے سائبرآباد بلڈرس اسوسی ایشن کے اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد کی ترقی میں بلڈرس کو اہم رول ادا کرنا چاہیئے۔ شہر میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے کانگریس حکومت کئی اقدامات کررہی ہے۔ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ، آوٹر رنگ روڈ اور حیدرآباد کو کرشنا و گوداوری سے پانی کی سربراہی جیسے اقدامات کانگریس دور حکومت میں کئے گئے تھے۔ ان ترقیاتی کاموں کو ریونت ریڈی حکومت مزید آگے بڑھانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو ٹرین توسیعی منصوبہ کا مقصد شہر کے اطراف کے علاقوں کو میٹرو سے مربوط کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کو دنیا کی دوسری سلیکان ویلی کے طور پر ترقی دی جائے گی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے حکومت نے فیوچر سٹی کے قیام کا منصوبہ بنایا ہے اور فیوچر سٹی میں نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ موسی ریور فرنٹ پراجکٹ کے ذریعہ سیاحتی علاقوں کی ترقی کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے سائبرآباد بلڈرس اسوسی ایشن کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے صدرنشین اے گاندھی اور چیف منسٹر کے مشیر وی نریندر ریڈی موجود تھے۔1