شہر میں پینے کے پانی کے مسئلہ کی یکسوئی پر زور ۔ چیف منسٹر کا عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد8جولائی (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کو پینے کے پانی کی قلت سے محفوظ رکھنے اور شہر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے نئے ذخیرہ ٔ آب کی تعمیر کا جائزہ لے کر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج پرگتی بھون میں جائزہ اجلاس میں عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ گوداوری کے علاوہ کرشنا کے پانی کو شہر میں محفوظ کرنے نئے ذخیرۂ آب کی تعمیر کا جائزہ لیں اور رپورٹ تیار کریں۔ چیف منسٹرنے اجلاس کے دوران محکمہ آبپاشی و آبرسانی بورڈ کے عہدیداروں کو مشیران حکومت کی موجودگی میں کالیشورم پراجکٹ کے ذریعہ حاصل کئے جانے والے پانی کی تفصیلات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ کالیشورم سے ملنے والے پانی کا 10 فیصد حصہ پینے کے پانی کی ضرورتوں کو پورا کرنے استعمال کیا جائے۔ چیف منسٹر نے عہدیدارو ں کو مشورہ دیا کہ وہ کنڈہ پوچماں اور ملنا ساگر سے ملنے والے پانی کو حیدرآباد میں پینے کے پانی کے مسائل کے حل کیلئے مجوزہ ذخیرۂ آب تک پہنچانے کے اقدامات کا جائز ہ لیتے ہوئے رپورٹ تیار کریں تاکہ شہر میں پانی کے مسائل کو مکمل طور پر حل کیا جاسکے۔ ریاستی وزیر مسٹر ملا ریڈی ‘ مسز پی سبیتا اندرا ریڈی رکن اسمبلی کے علاوہ مسٹر راجیو شرما مشیر حکومت‘ پرنسپل سیکریٹری مسٹر نرسنگ راؤ‘ پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق مسٹر اروند کمار‘ مسٹر دانا کشور کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ‘ مسٹر انیل کمار کلکٹر میڑچل کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ چندر شیکھر راؤ نے بتایا کہ شہر کو فی الحال کرشنا اور گوداوری سے پارنی سربراہ کیا جا رہاہے اور یہ کافی طویل مسافت طئے کرنے والا پانی ہے اور عوام اسے استعمال کرنے سے گریز کررہے ہیںاسی لئے آئندہ اس کا اعداہ نہ ہو اور شہر حیدرآباد کیلئے صاف پینے کے پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے نئے ذخیرۂ آب کی تعمیر عمل میں لائی جائے جہاں ملنا ساگر اور کنڈہ پوچم پلی ذخائر آب سے پانی حاصل کیا جائے ۔انہو ںنے بتایا کہ ان دونوں ذخائر آب میں فی الحال کالیشورم پراجکٹ کا پانی پہنچ رہا ہے اور اس پانی کو حیدرآباد تک پہنچانے کے اقدامات کئے جانے چاہئے ۔چیف منسٹر نے ہدایت دی کہ کیساورم علاقہ میں نئے ذخیرۂ آب اور پانی کی صفائی کے پلانٹ کی تعمیر کے عمل کا جائزہ لیا جائے تاکہ شہر کے علاوہ آؤٹر رنگ روڈ کے اطراف نئی بستیوں میں بھی گھر گھر پینے کے پانی کی فراہمی کو یقنی بنانے اقدامات کئے جاسکیں۔چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہر گھر تک پینے کا صاف پانی پہنچانے کے اقدامات کا اعلان کیا گیا تھا اور حکومت کی جانب سے اس منصوبہ پر مکمل عمل کو یقینی بنانے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔انہوں نے عہدیدارو ںکو شہر حیدرآباد میں پینے کے پانی کی قلت کو دور کرنے کے اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے اپنی تجاویز اور منصوبوں سے واقف کروایا او رکہا کہ حکومت کی جانب سے پینے کے پانی کے مسائل کو دور کرنے ہر طرح کے اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔کالیشورم سے کنڈہ پوچم پلی اور ملنا ساگر پہنچنے والے پانی میں 10 فیصد پانی پینے کے پانی کی سربراہی کیلئے استعمال کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے مسٹر کے چند رشیکھر راؤ نے کہا کہ اس طرح شہر میں پیدا ہورہی پینے کے پانی کی قلت کو دور کیا جاسکتا ہے۔
