الیکشن کمیشن کے مبصرین کا تقرر، پولنگ بوتھس کی تمام سرگرمیوں پر راست نظر
حیدرآباد۔/18 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے حیدرآباد ضلع کے 3986 پولنگ اسٹیشنوں میں آزادانہ و منصفانہ رائے دہی یقینی بنانے کیلئے لائیو ویب کاسٹنگ سے لیس کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ 30 نومبر کو صبح 7 بجے سے رائے دہی کے اختتام تک پولنگ اسٹیشنوں پر نظر رکھی جاسکے۔ حیدرآباد ضلع کے 15 اسمبلی حلقہ جات میں لائیو ویب کاسٹنگ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے جس کا مقصد حساس اور امکانی گڑبڑ والے پولنگ اسٹیشنوں پر نظر رکھنا ہے۔ کمیشن کے عہدیداروں نے بتایا کہ پولنگ اسٹیشن اور اطراف کے علاقوں میں رائے دہندوں کیلئے محفوظ ماحول فراہم کرنے کے مقصد سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے چیف الکٹورل آفیسر اور ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کے اشتراک سے مبصرین کا انتخاب کیا ہے جو رائے دہی کی مکمل طور پر راست نگرانی کریں گے۔ جن اسمبلی حلقہ جات میں ویب کاسٹنگ کیلئے پولنگ اسٹیشنوں کی نشاندہی کی گئی ان میں ملک پیٹ (300) ، عنبر پیٹ (236) ، خیریت آباد (245)، جوبلی ہلز (329) ، صنعت نگر (229) ، نامپلی (277) ، کاروان (311) ، گوشہ محل (235) ، چارمینار (198) ، چندرائن گٹہ (305) ، یاقوت پورہ (332) ، بہادر پورہ (263)، سکندرآباد(220) اور کنٹونمنٹ (232) شامل ہیں۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ویب کاسٹنگ کے نتیجہ میں پولنگ اسٹیشنوں کی تمام سرگرمیوں پر نظر رکھی جاسکے گی۔ انٹر نیٹ سے مربوط ویب کاسٹنگ کے ذریعہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں فوری کارروائی کی گنجائش رہے گی۔ ڈسٹرکٹ الیکٹورل آفیسر رونالڈ راس نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ شہر میں تمام وائن شاپس میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب عمل میں لائیں اور جی ایچ ایم سی ہیڈ آفس میں واقع کنٹرول روم سے نگرانی کی جائے۔ انہوں نے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔