حیدرآباد کے اطراف رجسٹریشن کی مارکٹ ویلیو میں اضافہ کی تیاری

   

Ferty9 Clinic

سرکاری خزانہ کی آمدنی میں اضافہ کیلئے حکومت کے اقدامات، اپارٹمنٹ کیلئے 30 فیصد اضافہ کی تجویز
حیدرآباد 13 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ کے معاشی موقف کو بہتر بنانے حکومت نے رجسٹریشن کی مارکٹ شرح میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔ اِس سلسلہ میں جلد سرکاری اعلان کیا جاسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے آؤٹر رنگ روڈ اور ریجنل رنگ روڈ کے درمیان علاقوں میں اراضی، فلیٹس و مکانات کے رجسٹریشن کی مارکٹ ویلیو میں اضافہ کیلئے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ اپارٹمنٹس کے لئے 30 فیصد اور اوپن پلاٹس کیلئے صدفیصد چارجس میں اضافہ کا منصوبہ ہے۔ بتایا گیا کہ حکومت نے وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں سے مشاورت کرکے تجاویز طلب کی ہیں۔ ذرائع کے مطابق بہت جلد رہنما خطوط جاری کئے جائیں گے جس پر عمل کی تاریخ کا تعین کیا جائے گا۔ سابق بی آر ایس حکومت نے پراجکٹس اور دیگر اسکیمات کیلئے جو قرض حاصل کیا ہے وہ 8 لاکھ کروڑ سے زائد ہے۔ تلنگانہ حکومت ماہانہ 6500 کروڑ روپئے قرض اور سود کی ادائیگی پر صرف کررہی ہے۔ حکومت نے سرکاری خزانہ کی آمدنی میں اضافہ کیلئے کابینی سب کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں عہدیداروں سے تجاویز طلب کی ہیں۔ ذرائع کے مطابق رجسٹریشن مارکٹ ویلیو میں اضافہ سے حکومت کو آمدنی میں اضافہ کی اُمید ہے۔ حیدرآباد کے اطراف کے علاقوں میں پلاٹس، اپارٹمنٹس اور مکانات کی خرید و فروخت کے لئے رجسٹریشن کی مارکٹ ویلیو میں اضافہ سے حکومت کو سالانہ تقریباً 10 ہزار کروڑ کی آمدنی کا امکان ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وزیر مال سرینواس ریڈی کو اِس سلسلہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ آؤٹر رنگ روڈ اور ریجنل رنگ روڈ کے درمیانی حدود میں حالیہ عرصہ میں رئیل اسٹیٹ کاروبار میں تیزی پیدا ہوئی ہے لہذا حکومت نے رجسٹریشن کی مارکٹ ویلیو میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔ ابتدائی مشاورت کے بعد اپارٹمنٹس کے لئے 30 فیصد اور اوپن پلاٹس کے لئے صد فیصد اضافہ کی تجویز پیش کی گئی۔1