حیدرآباد کے مادھا پور میں ٹرمپ جڑواں ٹاورس کا منصوبہ

   

خانہ میٹ میں2.92ایکر اراضی کا حصول‘27منزلہ عمارت میں لکژری اپارٹمنٹس ہونگے
حیدرآباد ۔ 9 نومبر (سیاست نیوز)۔ امریکہ کے نومنتخب صدر ٹرمپ کی کنسٹرکشن کمپنی حیدرآباد میں اپنے قدم جمانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اس سلسلہ میں حیدرآباد کے مادھاپور میں ٹرمپ ٹاورس تعمیر کئے جائیں گے۔ ملک کے چار شہروں ممبئی ‘ کولکتہ ‘گرگاوں اور پونے میں ٹرمپ ٹاورسں تعمیر کرنے والی کمپنی ہندوستان میں مزید چھ ٹاورس تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔حیدرآباد کے علاوہ نوئیڈا‘بنگلورو اور پونے میں یہ ٹاورس تعمیر کئے جائیں گے۔اس فیصلہ کے بعد ہندوستان میں ٹرمپ ٹاورس کی تعداد بڑھ کر10ہوجائے گی۔اس طرح امریکہ کے بعد اس نام سے سب سے زیادہ ٹاورس ہندوستان میں تعمیر کئے جارہے ہیں ۔کمپنی حیدرآباد میں مقامی مانجیرا گروپ کے ساتھ ملکر جڑواں ٹاورس تعمیر کرنے کا منصوبہ بنارہی ہے ۔اس مقصد کیلئے 2022میںمادھاپور کے خانہ میٹ میں 2.29ایکر اراضی ایچ ایم ڈی اے کی نیلامی میں خریدی گئی۔اس اراضی پر 27منزلہ چار اور پانچ بیڈ رومس والے اپارٹمنٹس تعمیر کئے جائیں گے۔چار بیڈ رومس والے اپارٹمنٹس کا رقبہ4تا5ہزار مربع فیٹ ہوگا جبکہ پانچ بیڈ رومس والے اپارٹمنٹس کا رقبہ 6ہزار مربع فیٹ ہوگا۔شہر حیدرآباد حالیہ عرصہ میں عمارتوں کی تعمیر اور رئیل اسٹیٹ کے شعبہ میں بہت مقبول ہوچکا ہے ۔شہر میں نئی ہمہ منزلہ عمارتوں کی تعمیر اور اپنے لگژری رئیل اسٹیٹ برانڈ میں یہ ایک اہم اضافہ ہوگا اور ٹرمپ ٹاورز حیدرآباد میں اپنی موجودگی کا احساس دلائیں گے جس سے شہر کے ان اعلیٰ درجے کی خصوصیات والے پاش مقامات کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوگا۔اس پراجکٹ کی عمارتوں میں انتہائی لگژری اپارٹمنٹس ہوں گے جو امیر اور دولت مند خریداروں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہونگے۔ان خصوصی فلیٹس کی قیمتیں 13,000 روپے فی مربع فٹ مقرر کی گئی ہیں جو کہ 4BHK یونٹ کیلئے تقریباً 5.5 کروڑ روپے ہوتی ہے۔Tribeca Developers کے بانی اور ٹرمپ آرگنائزیشن کے ہندوستان میں رئیل اسٹیٹ پارٹنر، کلپیش مہتا نے اعلان کیا کہ ڈونالڈ ٹرمپ جونیئر اور ایرک ٹرمپ کی توقع ہے کہ وہ اگلے سال کے شروع میں مختلف شہروں بشمول حیدرآباد میں چھ نئے ٹرمپ ٹاور پراجکٹس کا آغاز کرنے کیلئے ہندوستان آئیں گے۔یہ ایک وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے ۔مہتا نے ہندوستان میں لگژری جائیدادوں کی بڑھتی ہوئی مانگ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ گروگرام ٹرمپ ٹاور پراجکٹ کی قیمتیں پریمیم ریئل اسٹیٹ میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کی وجہ سے پچھلے تین سالوں میں دگنی ہوگئی ہیں۔2
انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں لگژری رئیل اسٹیٹ مارکیٹ عروج پر ہے اور اس کی مانگ مضبوط رہی ہے۔ اس شعبے میں مسلسل ترقی کے امکانات پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حیدرآباد ٹرمپ ٹاورز پراجکٹ کا مقصد منفرد خصوصیات پیش کرنا ہے ۔دوسرے شہروں میں ٹرمپ کمپنی کے ڈیولپرس کے ساتھ ملکر تعمیر کئے جانے والے ٹاورس میں اپارٹمنٹس کے بجائے دفاتر‘ ولاز اور گولف کورس ہونگے۔