حیدرآباد کے کئی حصوں میں درجہ حرارت میں اضافہ

   


حیدرآباد: حیدرآباد کے کئی حصوں میں درجہ حرارت میں اضافہ درج کیاجارہا ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات کی ڈائرکٹر ناگارتنا کے مطابق جنوب۔مشرقی ہواوں کی وجہ سے درجہ حرارت میں اضافہ درج کیاجارہا ہے۔ گذشتہ روز تلنگانہ کے ضلع عادل آباد میں درجہ حرارت 10.6 ڈگری سلسیس درج کیا گیا جبکہ نلگنڈہ ضلع میں درجہ حرارت 36ڈگری سلیسس درج کیاگیا ہے ۔اسی دوران جمعہ کی شب ریاست کے دارالحکومت حیدرآباد میں درجہ حرارت 18.5ڈگری سلسیس درج کیاگیا ہے جو معمول سے دو ڈگری زائد ہے۔ بی ایچ ای ایل میں اقل ترین درجہ حرارت 15.5 ڈگری سلسیس درج کیاگیا ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ تین دنوں کے دوران حیدرآباد میں اقل ترین درجہ حرارت 15تا17ڈگری سلسیس کے درمیان درج کئے جانے کا امکان ہے ۔توقع ہیکہ اعظم ترین درجہ حرارت 30 تا 32 ڈگری سلسیس کے درمیان درج کیاجائے گا۔ سردی کی لہر میں کمی کے نتیجہ میں شہریوں نے راحت کی سانس لی ہے تاہم ریاست کے کئی مقامات پر سردی سے بچنے کیلئے لوگ ہنوز گرم لحاف اور گرم کپڑوں کا استعمال کررہے ہیں۔ ان کی فروخت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے ۔کئی افراد نے اس موسمی تبدیلی پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔ صبح کے اوقات میں چہل قدمی کرنے والے جو تاخیر سے گھروں سے نکل رہے تھے ، اب اپنے معمول کے اوقات میں چہل قدمی کے لئے نکل رہے ہیں کیونکہ سردی کی لہر کمی ہوگئی ہے ۔کئی افراد نے کہا کہ اگرچہ کہ دن میں سردی کی لہر میں کمی واقع ہوئی ہے تاہم رات کے اوقات میں سردی ہنوز جاری ہے ۔ خیریت آباد، ٹینک بنڈ، نیکلس روڈ، این ٹی آر مارگ سمیت شہر کے کئی نواحی علاقوں میں فٹ پاتھس پر سونے والے افراد بھی لحاف اور گرم کپڑوں کا استعمال کررہے ہیں۔