حکومت سے واضح ہدایت کے باوجود من مانی ، مریضوں کی شکایتوں کو سماعت کرنے فورم کی ضرورت
حیدرآباد۔ 18جون(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے خانگی کارپوریٹ دواخانوں میں تلنگانہ حکومت کی جانب سے تعین کردہ فیس کے مطابق علاج سے صاف انکار کیا جا رہاہے اس کے باوجود حکومت کی جانب سے کوئی کاروائی یا شکایت کا فورم نہ ہونے کے سبب مریضوں اور ان کے رشتہ داروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے ریاستکے خانگی دواخانوں اور کارپوریٹ ہاسپٹلس میں کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کیلئے قیمتوں کے تعین اور جی او کی اجرائی کے باوجود بیشتر کاروپوریٹ دواخانو ںمیں ایک لاکھ روپئے یومیہ کا پیاکیج دیا جانے لگا ہے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے جی او کی اجرائی کے ساتھ اس بات کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ تمام دواخانوں میں جہاں کورونا وائرس کا علاج کیا جارہا ہے وہاں قیمتوں کے بورڈ آویزاں کئے جائیں لیکن حکومت کی جانب سے یہ نہیں کہا گیا ہے کہ اگر دواخانو ںکی جانب سے ان قیمتوں میں علاج نہ کیا جائے تو شکایات کہاں درج کروائی جائیں۔ مکان مالک کی جانب سے کرایہ طلب کرنے یا اسکول انتظامیہ کی جانب سے فیس طلب کئے جانے پر حکومت نے 100 نمبر پر فون کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے یہ واضح کیا کہ اگر مالکین جائیداد اور اسکول انتظامیہ کی جانب سے کرایہ اور فیس وصول کئے جاتے ہیں تو ان کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی جاسکتی ہے لیکن اب جبکہ خانگی دواخانوں کو کورونا وائرس کے علاج کی اجازت دے دی گئی ہے تو ایسی صورت میںاگر خانگی دواخانوں کے انتظامیہ سرکاری احکامات پر عمل نہ کرتے ہوئے من مانی فیس وصول کرتے ہیں تو کہاں شکایت درج کروائی جانی چاہئے اس سلسلہ میں حکومت کی جانب سے کوئی وضاحت موجود نہیں ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے دواخانو ںمیں قیمتوں اور علاج کے تعین کے بعد شہر حیدرآباد کے کئی سرکردہ کاروپوریٹ اور خانگی دواخانوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کا آغاز کردیا گیا ہے ۔
دونوں شہروں میں موجود ان کارپوریٹ دواخانو ںمیں بعض دواخانوں کی جانب سے سماجی ذمہ داری تصور کرتے ہوئے حکومت کے احکامات پر من و عن عمل آوری کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ کئی دواخانوں میں اب بھی انتظامیہ کی جانب سے علاج کی جو فیس کا تعین کیا گیا ہے وہی وصول کی جا رہی ہے اور جو لوگ یہ فیس ادا نہیں کرسکتے انہیں گاندھی ہاسپٹل منتقل کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ حکومت کی جانب سے فوری اپنے احکام پر عمل آوری یقینی بنانے کے علاوہ دواخانہ کے انتظامیہ کی جانب سے احکامات پر عدم عمل آوری کی صورت میں شکایت کے فورم کی تشکیل کا فیصلہ کیا جانا لازمی ہے تاکہ دواخانو ںمیں زائد فیس کا مطالبہ یا مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم نہ کئے جانے کی صورت میں فوری شکایت کی جاسکے۔