رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی کی تین اضلاع کے قائدین سے مشاورت
حیدرآباد: کانگریس رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے سینئر قائدین کسم کمار ، ڈاکٹر ملو روی اور انجن کمار یادو کے ہمراہ رنگا ریڈی ، حیدرآباد اور محبوب نگر گریجویٹ حلقہ کے کانگریس امیدوار ڈاکٹر چنا ریڈی کی جانب سے پرچہ نامزدگی ریٹرننگ آفیسر کے حوالہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے چنا ریڈی کی کامیابی کا دعویٰ کیا اور کہا کہ سرکاری ملازمین اور بیروزگار نوجوان حکومت کی کارکردگی سے ناراض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ایم ایل سی نشستوں پر کانگریس کامیابی حاصل کریگی ۔ بعد میں گاندھی بھون میں تینوں اضلاع سے تعلق رکھنے والے سینئر قائدین کے ساتھ مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں انتخابی حکمت عملی کو قطعیت دی گئی ۔ کانگریس امیدوار جی چنا ریڈی کے علاوہ اے آئی سی سی سکریٹریز بوس راجو ، سمپت کمار ، ورکنگ پریسیڈنٹ کسم کمار ، سابق ارکان پارلیمنٹ ملو روی ، کنڈہ وشویشور ریڈی ، انجن کمار یادو ، مہیش کمار گوڑ ، شیخ عبداللہ سہیل ، محمد فیروز خاں ، عظمیٰ شاکر ، جی نرنجن اور دوسروں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں طئے کیا گیا کہ انتخابی مہم کے دوران نوجوانوں اور بیروزگاروں سے کئے گئے کے سی آر حکومت کے وعدوں کو عوام کے درمیان پیش کیا جائے گا۔