نئی دہلی۔27 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) رانجی ٹرافی کے مقابلے میں حیدرآبادی ٹیم صرف 69 رنز پر ڈھیر ہوگی جس کے بعد حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن (ایچ سی اے) کے صدر محمد اظہرالدین کے علاوہ کوچ اور سلیکٹروں کے مسائل میں اضافہ ہوگیا ہے کیونکہ کھلاڑیوں کے میدان میں ناقص مظاہروں کے بعد انتظامیہ پر بھی شدید تنقید کی جارہی ہے ۔ یاد رہے کہ ہندوستانی فاسٹ بولر ایشانت شرما (19 رن پر چار وکٹ) اور سمرجت سنگھ (23 رن پر 4 وکٹ) کی خطرناک بولنگ سے دہلی نے حیدرآباد کو رانجی ٹرافی مقابلے کے دوسرے دن پہلی اننگز میں صرف 69 رنز پر ڈھیر کر کے فالو ان کھیلنے پر مجبور کر دیا۔دہلی کو اب سیزن میں پہلی کامیابی کا موقع مل گیا ہے ۔ حیدرآباد نے اپنی دوسری اننگز میں دن کے اختتام تک دو وکٹ کے نقصان پر 20 رنز بنا لئے اور اس کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لئے ابھی بھی 195 رن بنانے تھے۔ دہلی نے صبح 6 وکٹ پر 269 سے آگے کھیلنا شروع کیا تھا اور اپنی پہلی اننگز میں 284 رنز بنائے۔کپتان شکھر دھون 137 رنز سے آگے کھیلتے ہوئے 140 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔