حیدرآباد:کورونا وائرس سے متاثرہ شخص نے حسین ساگر میں چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی

,

   

حیدرآباد(تلنگانہ):مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والا 34 سالہ ایک شخص جو کورونا وائرس(کوویڈ۔19) سے متاثر بتایا گیا ہے، اس نے حسین ساگر میں چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی۔ رام گوپال پیٹ پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر پولیس بابو نے میڈیا کو بتایا کہ 34 سالہ ایک شخص جو مغربی بنگال سے تعلق رکھتا تھا، اس نے حسین ساگر تالاب میں چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی۔ وہ کوویڈ۔19 سے متاثر تھا۔ ایک ہفتہ قبل وہ ایک خانگی دواخانہ میں زیرعلاج تھا۔ کوویڈ۔19 کی علامات ظاہر ہونے کے بعد ڈاکٹر نے اسے کسی خانگی اسپتال میں شریک ہونے کا مشورہ دیا۔“

پولیس انسپکٹر بابو نے مزید بتایا کہ وہ ایک خانگی ہاسپٹل گیا لیکن وہاں سارے بستر بھرے ہوئے تھے۔ جمعہ 3 جولائی کو اس کو سانس لینے میں شدید دشواری ہونے لگی۔ اس نے اپنے ایک دوست کو فون کیا اور اسے حسین ساگر لے کر جانے کیلئے کہا۔ آٹو کے ذریعہ جب وہ وہاں پہنچے تو اس نے کچھ دور پیدل چلنے کے بعد اچانک تالاب میں چھلانگ لگادی۔ اتوار کے دن اس کی نعش برآمد کرلی گئی۔“