سیاست کی فلاحی سرگرمیاں قابل ستائش ، عامر علی خان سے امریکی قونصل جنرل لارا ولیمس کی ملاقات
حیدرآباد : /22 جنوری (سیاست نیوز) حیدرآباد ساری دنیا میں اپنی مخصوص پہچان اور شناخت رکھتا ہے ۔ اوراس کے پیچھے حیدرآبادی عوام کی محبت ، مروت ، جذبہ انسانیت و ہمدردی و ان کی مہمان نوازی کارفرما ہیں ۔ حیدرآباد کی بریانی تو اپنا جواب نہیں رکھتی جس طرح دنیا بھر میں حیدرآباد کی اپنی منفرد شناخت اور پہچان ہے اسی طرح روزنامہ سیاست بھی حیدرآباد سے امریکہ تک غیرمعمولی مقبولیت کیلئے پہچان رکھتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار امریکی قونصل جنرل متعینہ حیدرآباد لارا ولیمس نے نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خان سے دفتر سیاست پہنچکر خیرسگالی ملاقات کے دوران کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان اور امریکہ دوستی کے مضبوط بندھن میں بندھے ہیں اورامریکہ عالمی سطح پر ہندوستان کی اہمیت جانتا ہے ۔ مس ولیمس نے کہا کہ ہندوستان میں حال میں متعین امریکی سفیر سرجیو گور صدر ٹرمپ کے قریبی دوست ہیں اور وہ ہند۔ امریکہ تعلقات کو بہتر بنانے کوئی کسر باقی نہیں رکھیں گے ۔ نیوز ایڈیٹر سیاست نے مس لارا ولیمس کو بتایا کہ روزنامہ سیاست ایک اخبار ہی نہیں بلکہ مسلم معاشرہ کے کمزور طبقات ضرورت مند طلباء کی تعلیمی و معاشی ترقی کی ایک تحریک ، ایک مشن ، ایک ویژن ہے ۔ انہوں نے دلچسپی سے سیاست کی ملی و قومی خدمات بشمول گجرات فسادات میں متاثرین کی تمام خطرات سے نمٹتے ہوئے کی گئی مدد کی تفصیلات بھی سنی ۔ ملاقات کے موقع پر امریکی قونصل خانہ کے پبلک افیرس آفیسر الیگزینڈر میک لارین ، پبلک ڈپلومیسی آفیسر عبدالرحمن حبیب اور میڈیا اڈوائزر عبدالصمد و سیاست ، سیاست ڈاٹ کام ، سیاست ٹی وی اور سیاست ہب فاؤنڈیشن کے اصغر علی خان ، فخر علی خان ، احمد طارق ، زاہد فاروقی ، محمد ریاض احمد ، مبشرالدین خرم اور حسین علی خان موجود تھے ۔ جناب عامر علی خان اور امریکی قونصل جنرل نے جہاں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا وہیں سیاست کے 50 سے زائد فلاحی پروگرامس کے حوالہ سے بتایا کہ ماضی میں امریکی قونصل خانہ کے اشتراک و تعاون سے 2150 مرد و خواتین جن میں 1600 مرد شامل تھے کمیونیکیشن اسکیلس ٹریننگ فراہم کی گئی ۔ اس پروگرام کو English for Employability کا نام دیا گیا تھا ۔ قونصل جنرل اور ان کے رفقاء حیدرآباد کی گنگاجمنی تہذیب اور ’سیاست ‘کی سرگرمیوں سے کافی متاثر ہوئے ۔ جناب اصغر علی خان نے Python استعمال کرکے 43 کلو میٹر بلندی سے لی گئی سیٹلائٹ تصاویر پر مبنی حیدرآباد کا نقشہ مس لاورا ولیمس اوران کے ساتھیوں کو پیش کیا جبکہ ممتاز مورخ رضا علی خان مرحوم کی حیدرآباد کی تاریخ پر کتاب جناب حسین علی خان نے پیش کی ۔ بعد میں وفد نے سیاست پریس ، ایس ٹی ایل کا معائنہ کیا ۔ انہیں سیاست کے 75 سال کی تکمیل پر جاری کردہ 100 صفحات پر مشتمل خصوصی سپلیمنٹ کی ایک کاپی بھی پیش کی گئی ۔