حسین ساگر ایکسپریس 30 نومبر تک صرف پونے تک چلائی جائے گی
حیدرآباد ۔ 7 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : مہاراشٹرا میں پونے شہر سے آگے محکمہ ریلویز کی جانب سے پٹریوں کی مرمت اور بعض روٹس میں توسیع کا کام عام طور پر صبح کی اولین ساعتوں میں کیا جاتا ہے جس کے لیے صبح کی اولین ساعتوں میں ممبئی پہنچنے والی طویل مسافت والی ٹرینوں کویا تو پونے پر ہی روک دیا جاتا ہے یا پھر پونے سے آگے کا سفر وہ انتہائی دھیمی رفتار سے مکمل کرتی ہیں ۔ شہر حیدرآباد سے ممبئی جانے والے مسافرین کی کوئی کمی نہیں ہے اور عام طور پر لوگ 12702 حسین ساگر ایکسپریس کا استعمال کرتے ہیں جو سہ پہر 2-45 بجے نامپلی سے روانہ ہو کر دوسرے دن صبح 5-15 بجے تک ممبئی سی ایس ٹی پہنچ جاتی ہے لیکن پٹریوں اور دیگر کاموں میں اضافہ کی وجہ سے اب حسین ساگر ایکسپریس صرف پونے تک چلائی جارہی ہے ۔ جس کا سلسلہ 30 نومبر تک جاری رہے گا ۔ لہذا ایسے حیدرآبادی مسافرین جو حسین ساگر ایکسپریس سے ممبئی کا سفر کرنا چاہتے ہیں وہ کسی دیگر گاڑی جیسے ممبئی ایکسپریس یا کونارک ایکسپریس کے ذریعہ ممبئی جاسکتے ہیں ۔۔