حیدرآبادی نوجوان مجتبیٰ محمد نارتھ کیرولینا کے سینیٹر منتخب

,

   

قرآن مجید پر حلف لیا، ہندوستانیوں میں مسرت کی لہر

حیدرآباد ۔ 15 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) حیدرآباد نے اپنی صلاحیت اور قابلیت کا لوہا دنیا بھر میں منوایا ہے۔ امریکہ میں انفارمیشن ٹکنالوجی اور دیگر شعبوں میں حیدرآبادی نوجوانوں کی غیر معمولی خدمات کا ہر کوئی معترف ہے ، اس کے علاوہ امریکی سیاست میں حیدرآبادی پس منظر رکھنے والے نوجوانوں نے کامیابی کے ذریعہ ملک کا نام روشن کیا ہے۔ امریکہ کے حالیہ وسط مدتی انتخابات میں جہاں صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ریپبلیکن پارٹی کو ڈیموکریٹس کے مقابل ہزیمت اٹھانی پڑی، ان میں کئی نئے چہرے منتخب ہوئے۔ حیدرآبادیوں کے لئے خوشی اور مسرت کی بات یہ ہے کہ ان کے شہر سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان نے سفید فام حریف کو شکست دیدی ۔ ڈسٹرکٹ 38 نارتھ کیرولینا کے سنیٹر کی حیثیت سے 32 سالہ مجتبیٰ محمد نے اپنے حریف ریپبلکن پارٹی کے رچرڈ ریویٹر کو شکست دیدی۔ مجتبیٰ کے والد عزیز حسن کا تعلق حیدرآباد سے ہے جبکہ مجتبیٰ کی پیدائش اوہائیو امریکہ میں ہوئی ۔ مجتبیٰ محمد نے سنیٹر کی حیثیت سے قرآن مجید پر حلف لیا۔ ان کی شریک حیات صبا قرآن مجید تھامے ہوئے تھیں۔ جج رکی مکایے میچل نے انہیں حلف دلایا۔ مجتبیٰ محمد کے دادا محسن عزیز اور نانا خالد عبدالحمید ہیں۔ خالد عبدالحمید حیدرآباد میں ڈپارٹمنٹ آف انڈسٹریز میں اسسٹنٹ ڈائرکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ مجتبیٰ محمد نظام آباد سے تعلق رکھنے والے غلام احمد کاشانہ وکیل مرحوم کے پڑنواسے ہیں۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے افضل احمد عظمت اللہ جو مجتبیٰ محمد کے قریبی رشتہ دار ہیں، سیاست کو امریکہ سے تفصیلات روانہ کی ہیں۔ وہ سیاست کیلئے مضامین بھی لکھتے رہے ہیں۔ مجتبیٰ محمد کی حلف برداری کے بعد نارتھ کیرولینا میں مقیم ہندوستانیوں نے تقریب منعقد کی اور کامیابی پر مبارکباد پیش کی ۔ حیدرآبادی غیر مقیم ہندوستانیوں نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجتبیٰ محمد نے حیدرآباد اور اہل حیدرآباد کا نام روشن کردیا ہے ۔