حیدرآبادی نژاد ڈاکٹر راغب علی برطانیہ میں آرڈر آف برٹش امپائر اعزاز سے سرفراز

   

ونڈسر محل میں پرنس آف ویلس شہزادہ ولیمس نے ایوارڈ سے نوازا

حیدرآباد 5 فبروری ( سیاست نیوز ) برطانیہ کے ایک معروف فزیشن ڈاکٹر راغب علی کو تاریخی ونڈسر محل میںمنعقدہ تقریب میںشہزادہ ولیم نے آرڈر آف برٹش امپائر ( OBE ) سے سرفراز کیا ہے ۔ پرنس آف ویلس شہزادہ ولیمس نے یہ ایوارڈ نیشنل ہیلت اسکیم اور کووڈ سے نمٹنے میںان کے رول پر یہ ایوارڈ دیا ۔ ڈاکٹر راغب علی کا تعلق حیدرآباد سے ہے ۔ شعبہ طب میں ان کی کامیابیاں سبھی جانتے ہیں اور ان کا قومی و بین الاقوامی سطح پر اعتراف بھی کیا جاتا ہے ۔ اپنے مریضوں کے تئیںان کا جذبہ اور پیشہ طب کے تئیں اختراعی رویہ نے انہیں دوسروں سے منفرد بنادیا ہے ۔ وہ برطانیہ کے ٹاپ کے ماہرین طب میںشمار کئے جاتے ہیں۔ آرڈر آف برٹش امپائر برطانیہ کا ایک اعلی اور باوقار ایوارڈ ہے ۔ یہ ایوارڈ ان افراد کو دیا جاتا ہے جو اپنے شعبوں میںکارہائے نمایاںانجام دیتے ہیں۔ ڈاکٹر علی کو ایوارڈ پیشہ طب کے تئیںان کے جذبہ اور ان کی خدمات کا ثبوت ہے ۔ ڈاکٹر راغب علی آکسفورڈ یونیورسٹی ہاسپٹل این ایچ ایس ٹرسٹ میںاعزازی کنسلٹنٹ ‘ ایم آر سی اپیڈیمیالوجی یونٹ یونیورسٹی آف کیمبرج کے سینئر کلینیکل ریسرچ اسوسی ایٹ اور ڈائرکٹر پبلک ہیلت ریسرچ سنٹر کے علاوہ نیویارک یونیورسٹی کے اسوسی ایٹ پروفیسر بھی ہیں۔ مارچ 2020 میں انہوں نے اپنی مصروفیات سے رخصت حاصل کرتے ہوئے کسی معاوضہ یا مشاہرہ کے بغیر کورونا سے نمٹنے خدمات انجام دیں ۔ ڈاکٹر راغب علی نے 2000 میں کیمبرج یونیورسٹی سے گریجویشن کیا اور لندن ‘ کیمبرج اور آکسفورڈ یونیورسٹیز سے انہیںاپیڈیمیالوجی اور پبلک ہیلت میں پوسٹ گریجویٹ ڈگریاں حاصل ہوئی ہیں۔ وہ رائل کالج آف فزیشنس کے 2013 میں فیلو بھی منتخب ہوئے تھے ۔ وہ صحت کے شعبہ میں 2004 سے ریسرچ بھی کر رہے ہیں۔ وہ ڈائرکٹر INDOX کینسر ریسرچ نیٹ ورک بھی ہیں۔ ڈاکٹر راغب علی کا حیدرآباد سے گہرا تعلق ہے ۔ ان کے والد مرحوم میر ارشاد علی نے عثمانیہ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی تھی اور 1963 میں برطانیہ چلے گئے تھے ۔ وہ تارکین وطن میں معروف تھے اور انہوں نے اکاؤنٹننٹ کی حیثیت سے اپنا کیرئیر اختیار کیا تھا اور زندگی بھر برطانیہ کے مختلف شہروں میں کمیونٹی خدمات انجام دیا کرتے تھے ۔ ڈاکٹر علی کے داد مرحوم میر سجاد علی حکومت آندھرا پردیش کے فینانس سکریٹری تھی ۔ ڈاکٹر علی شادہ شدہ اور تین بچوں کے والد ہیں ۔ جب کبھی اپنے مصروف شیڈول سے فرصت ملتی ہے حیدرآباد آتے ہیں۔