حیدرآباد ۔ 12 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : حیدرآبادیوں کے لیے چائے ۔ بسکٹ پسندیدہ ہے جس کے ذریعہ وہ مشکل وقت پر قابو پاتے ہیں اور وہ یہ سمجھتے ہیں کہ چائے ۔ بسکٹ کا امتزاج ان کے لیے مشکل وقت میں معاون ثابت ہوتا ہے ۔ حیدرآبادی چائے کے ساتھ عثمانیہ بسکٹ استعمال کرنا شہر میں عام ہے ۔ اب ، اس آئیکانک کامبو کو پے ٹی ایم فاونڈر وجئے شیکھر شرما کی شکل میں ایک نیا شائق ملا ہے ۔ شرما نے جمعرات کو ایک چائے کے کپ کی فوٹو ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’ تازہ عثمانیہ بسکٹ اور حیدرآبادی چائے ایک دلچسپ اور قابل تعریف امتزاج ہے ‘ ۔ حیدرآبادیوں نے شہر کے پسندیدہ کامبو کو شرما کی تعریف کی ستائش کرنے کا موقع جانے نہیں دیا ۔ کچھ لوگوں نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ شہر سے روانہ ہونے سے قبل مزید حیدرآبادی چیزوں کو استعمال کرنے کی کوشش کریں ۔ بعض لوگوں نے کہا کہ وہ چارمینار کے پاس ایرانی چائے اور عثمانیہ بسکٹ کا استعمال کریں اور پیراڈائز کی بریانی سے لطف اندوز ہوں جب کہ بعض دوسرے لوگوں نے پے ٹی ایم فاونڈر کو نیلوفر کیفے کی چائے نوش کرنے کا بھی مشورہ دیا ۔۔