پراجیکٹ تکمیل کے مراحل میں پہونچ گیا ۔ خدمات کیلئے ملک کے چنندہ شہروں کا انتخاب
حیدرآباد 27 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) ملک کے مختلف شہروں بشمول حیدرآباد میں 5G خدمات کا بہت جلد آغاز ہونے والا ہے ۔ بڑی ٹیلیکام کمپنیوں بشمول ائر ٹیل ‘ جیو اور ووڈا فون آئیڈیا نے حیدرآباد ‘ گرو گرام ‘ بنگلورو ‘ کولکاتہ ‘ ممبئی ‘ چندی گڑھ ‘ دہلی ‘ جام نگر ‘ احمد آباد ‘ چینائی ‘ لکھنو ‘ پونے اور گاندھی نگر میں 5G ٹرائیل مراکز قائم کرلئے ہیں۔ اس پراجیکٹ کو ٹیلیکام محکمہ کی فنڈنگ حاصل ہے اور اب یہ اپنے اختتامی مراحل میں پہونچ گیا ہے اور پراجیکٹ امکان ہے کہ 31 ڈسمبر 2021 تک مکمل ہو جائیگا ۔ ایک سرکاری بیان میں یہ بات بتائی گئی ۔ کہا گیا ہے کہ ان میٹرو اور بڑے شہروں کو ملک میں 5G خدمات کے آغاز میں پہلا موقع دیا جائیگا ۔ یہ خدمات آئندہ سال شروع ہونگی ۔ محکمہ ٹیلیکام نے اختتام سال پر اپنے بیان میں یہ بات بتائی ۔ محکمہ نے اپنے بیان میں جاریہ سال کئے گئے مختلف کاموں کا حوالہ دیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ محکمہ ٹیلیکام میں راست بیرونی سرمایہ کاری میں سال 2014- 21 کے درمیان 150 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ 5G پراجیکٹ پر آٹھ ایجنسیاں عمل آوری کر رہی ہیں ان میں آئی آئی ٹی بمبئی ‘ آئی آئی ٹی دہلی ‘ آئی آئی ٹی حیدرآباد ‘ آئی آئی ٹی مدراس ‘ آئی آئی ٹی کانپور ‘ آئی آئی ایس سی بنگلورو ‘ سمیر اور CEWiT شامل ہیں جو گذشتہ 36 مہینوں سے کام کر رہی ہیں۔ پراجیکٹ پر جملہ 224 کروڑ روپئے خرچ ہو رہے ہیں اور امکان ہے کہ یہ 31 ڈسمبر 2021 تک مکمل ہوجائیگا ۔