حیدرآباد میں قازقستان کے کونسلیٹ کا عنقریب قیام

   

میر ناصر علی خاں اعزازی کونسلیٹ، قازقستان کے سفیر کا دورہ حیدرآباد
حیدرآباد۔ 12 ڈسمبر (سیاست نیوز) قازقستان نے حیدرآباد میں اپنے اعزازی کونسلیٹ کے قیام کا اعلان کیا ہے تاکہ تلنگانہ اور آندھراپردیش کے ساتھ تجارت اور دیگر شعبوں میں روابت کو مستحکم کیا جاسکے۔ ہندوستان میں قازقستان کے سفیر ہز ایکسلینسی یرلان الیمباوف نے آج حیدرآباد میں یہ اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ کونسلیٹ کا آغاز ہوجائے گا۔ نواب میر ناصر علی خاں کو تلنگانہ اور آندھراپردیش کے لیے اعزازی کونسل جنرل مقرر کیا گیا ہے۔ قازقستان کا ایک اعلی سطحی وفد الیمباوف کی قیادت میں حیدرآباد کے دورے پر ہے۔ حیدرآباد میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، انڈسٹریل، کمرشیل، فارماسویٹیکل، ایجوکیشن، ٹورازم اور دیگر شعبوں میں تلنگانہ اور آندھراپردیش کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے میں قازقستان نے دلچسپی ظاہر کی ہے۔ قازقستان کے سفیر نے کہا کہ دونوں تلگو ریاستوں میں کافی گنجائش موجود ہے اور ہمارے دورے کا مقصد دونوں ریاستوں سے مختلف شعبوں میں تعلقات کو مستحکم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قازقستان میں سیاحت کے کئی مراکز ہیں اور سرمایہ کاری کے ذریعہ تعلقات کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ گزشتہ دو برسوں میں قازقستان نے اپنی معیشت کو وسیع کیا ہے۔ ہندوستان کے ساتھ قازقستان کے تعلقات خوشگوار اور مستحکم ہیں۔ عالمی اور باہمی دلچسپی کے امور پر دونوں ممالک کا یکساں موقف ہے۔ دنوں ممالک کے درمیان تجارت 1.2 بلین ڈالر تک پہنچ چکی ہے اور توقع ہے کہ جاریہ سال کے اختتام تک یہ 1.5 بلین ڈالر ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے ساتھ چھ جوائنٹ ورکنگ گروپس قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ریاستوں کے صنعت کاروں کو حکومت قازقستان ہر ممکن سہولتیں فراہم کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ نواب میر ناصر علی خان منیجنگ ڈائرکٹر MAK پراجیکٹ کو عنقریب اعزازی کونسل جنرل مقرر کیا جائے گا۔ نواب میر ناصر علی خان نے کہا کہ ٹالی ووڈ کے الّو اروند نے قازقستان کے دورے میں دلچسپی ظاہر کی ہے تاکہ آئندہ فلموں کے لیے شوٹنگ کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ فلمی شخصیتوں کا ایک وفد قازقستان کا دورہ کرے گا۔ قازقستان کے سفیر نے بتایا کہ گزشتہ 28 برسوں کے دوران ان کے ملک نے غیر معمولی ترقی کی ہے۔ قازقستان کا دورہ کرنے والے ہندوستانی شہریوں کی تعداد میں بھاری اضافہ ہوا ہے۔ ممبئی اور دہلی سے فلائٹس کی سہولت حاصل ہے اور صرف تین گھنٹوں میں مسافت طے کی جاسکتی ہے۔