حیدرآباد میں مرکز کی جانب سے مزید آکسیجن جنریشن پلانٹس کا قیام

   

Ferty9 Clinic

ڈسمبر تک ٹیکہ اندازی کا مرحلہ مکمل ہوگا، مرکزی وزیر کشن ریڈی نے گاندھی ہاسپٹل کا دورہ کیا
حیدرآباد 23 اگسٹ (سیاست نیوز) مرکزی وزیر کشن ریڈی نے کہاکہ ملک بھر میں ڈسمبر تک ہر شہری کو ٹیکہ اندازی کا مرحلہ مکمل کرلیا جائے گا۔ اِس سلسلہ میں ریاستوں کے تعاون سے حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ کشن ریڈی نے آج گاندھی ہاسپٹل کا دورہ کرتے ہوئے کورونا کے مریضوں کے علاج کی سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اُنھوں نے کورونا کے وارڈ کا دورہ کیا اور مریضوں اور اُن کے رشتہ داروں سے علاج کی سہولتوں اور ڈاکٹرس سے ادویات اور آکسیجن کی دستیابی کے بارے میں سوالات کئے۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہاکہ مرکزی حکومت نے کورونا کی امکانی تیسری لہر سے نمٹنے کی تمام تر تیاری کرلی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ 18 سال سے زائد عمر کے افراد میں ٹیکہ اندازی سے متعلق شعور بیداری حوصلہ افزاء ہے۔ تیسری لہر میں بچوں کے متاثر ہونے کے اندیشے کے تحت مرکز نے بچوں کے لئے بھی ویکسین فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ توقع ہے کہ بہت جلد بچوں کے لئے بھی ویکسین دستیاب رہے گی۔ کشن ریڈی نے کہاکہ ایسے افراد جن کے پاس آدھار کارڈ نہیں ہے اُنھیں پاسپورٹ کے ذریعہ ٹیکہ دیا جائے گا۔ اُنھوں نے واضح کیاکہ ملک میں آکسیجن کی کوئی قلت نہیں ہے اور وزیراعظم کیئرس کے تحت 1200 سے زائد آکسیجن پلانٹس ملک بھر میں قائم کئے گئے ہیں۔ گاندھی ہاسپٹل میں 8 آکسیجن یونٹ بہتر طور پر کام کررہے ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے گاندھی ہاسپٹل میں مزید 6 آکسیجن یونٹ قائم کئے جائیں گے۔ مرکز کی جانب سے کورونا سے نمٹنے کے لئے ریاستوں کو ہر ممکن مدد دی جارہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ میں 41 مقامات پر آکسیجن پلانٹس کے قیام کی تیاریاں جاری ہیں۔ تلنگانہ کو مرکز کی جانب سے ایک کروڑ 68 لاکھ 61 ہزار 809 ویکسین کی خوراک تقسیم کی گئی۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ کو ضرورت پڑنے پر مزید ویکسین سربراہ کی جائے گی اور حکومت کا مقصد ہر شخص کو ویکسین فراہم کرنا ہے۔ R