حیدرآباد میں ٹیکہ ٹسٹنگ سنٹر قائم کرنے مرکز کا فیصلہ

   

مرکزی مملکتی وزیرداخلہ جی کشن ریڈی کا دہلی میں اعلان
حیدرآباد : مرکزی مملکتی وزیرداخلہ جی کشن ریڈی نے کہاکہ آئندہ ایک ماہ کے دوران حیدرآباد میں ویکسن ٹسٹنگ سنٹر قائم کیا جائے گا۔ دہلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جی کشن ریڈی نے کہاکہ پی ایم کیئرس فنڈ کے ذریعہ حیدرآباد میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف انیمل بائیو ٹکنالوجی، ویکسین ٹیسٹنگ لیباریٹری کی پیداوار کا مرکز ہے جہاں پر کئی بڑی فارما کمپنیاں مختلف امراض کے ویکسین تیار کرتے ہیں اور کوویڈ ۔ 19 ویکسن کی تیاری میں بھی حیدرآباد نے اہم رول ادا کیا ہے۔ تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد مرکزی حکومت نے حیدرآباد میں تیسرا ویکسین سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جی کشن ریڈی نے کہاکہ ملک میں پہلے سے دو ویکسین سنٹرس موجود ہیں۔ ایک سنٹرل ڈرگ لیباریٹری کسولی (Kasauli) میں جبکہ دوسرا نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بائیوجیکلس نویڈا میں موجود ہے۔ مرکزی مملکتی وزیرداخلہ نے حیدرآباد میں ویکسین سنٹر قائم کرنے کے فیصلہ پر وزیراعظم نریندر مودی سے اظہار تشکر کیا۔ جی کشن ریڈی نے کہاکہ کورونا وباء نے کئی چیالنجس پیش کئے ہیں لیکن سیاسی بصیرت اور ویژن رکھنے والی شخصیت نریندر مودی نے ان چیالنجس کا بخوبی سامنا کیا ہے۔ بروقت اہم اقدامات کرتے ہوئے تاریخی فیصلے کئے ہیں، ہندوستان نے کورونا کے ٹیکے تیار کئے۔ سائنسداں اور ماہرین نے مختصر وقت میں دیسی ٹیکے ایجاد کرتے ہوئے عوام کی زندگی بچانے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ طلب کے مطابق ویکسین کی پیداوار کے لئے ملک میں مزید ویکسین ٹیسٹنگ لیباریٹریز کی ضرورت ہے اس لئے حیدرآباد کو ایک نیا ویکسین ٹسٹنگ سنٹر منظور کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پونے کے لئے بھی ایک اور ویکسین ٹسٹنگ سنٹر منظور کیا گیا ہے۔