حیدرآباد کا آج راجستھان سے مقابلہ

   

ابوظہبی ۔ اپنے گزشتہ مقابلے میں دہلی کیپٹلس سے 33 رن سے شکست کا سامنا کرنے والی راجستھان رائلزکی ٹیم کو پیر کے روز اپنے آئی پی ایل مقابلے میں پلے آف کی دوڑ سے باہر ہوچکی سن رائزرس حیدرآباد سے محتاط رہنا ہوگا جس کے پاس اب گنوانے کے لئے کچھ باقی نہیں ہے ۔ راجستھان کی طرح حیدرآباد کو بھی اپنے گزشتہ میچ میں شارجہ میں پنجاب کنگز کے ہاتھوں پانچ رنز سے قریبی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ حیدرآباد نے پنجاب کو صرف 125 رنز تک محدود کر دیا تھا لیکن ایک آسان ہدف کے تعاقب میں حیدرآباد کی ٹیم صرف120 رنز ہی بناسکی اور نو میچوں میں آٹھویں شکست کے ساتھ پلے آف میں پہنچنے کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔راجستھان کو نو میچوں میں پانچویں شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن وہ آٹھ پوائنٹس کے ساتھ ساتویں پوزیشن پر ہے ۔ اس میچ میں جیت راجستھان کو پلے آف کی دوڑ میں برقرار رکھے گی جبکہ ایک اور شکست راجستھان کے لیے اپنے باقی چار میچ جیتنا ضروری بنا دے گی۔ حیدرآباد کی ٹیم آخری میچ صرف پانچ رنز سے ہارگئی ، اس لیے راجستھان کو اس ٹیم سے محتاط رہنا پڑے گا کیونکہ یہ ٹیم الٹ پھیرکرسکتی ہے ۔تاہم دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں2 مئی کو دونوں ٹیموں کے درمیان آخری میچ میں راجستھان نے حیدرآباد کو55 رنز سے شکست دی تھی ۔ راجستھان نے اس میچ میں220 کا ہمالیائی اسکور بنانے کے بعد حیدرآباد کو165 تک محدود کرنے کے بعد55 رنزکی بڑی فتح حاصل کی تھی ۔ راجستھان کے لیے اس میچ میں جوس بٹلر نے صرف64 گیندوں میں124 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی تھی ۔