حیدرآباد ۔کبھی حیدرآبادکو فٹبال کا ایک شاندار مقام مانا جاتا تھا لیکن اب حیدآباد میں چند ایک سرگرمیوں کے علاوہ کوئی خاص ہلچل نہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں حیدرآبادی نوجوانوں میں فٹبال کی صلاحیتیں موجود نہیں ہے ، ہوسکتا ہے کہ چارمینار کے دامن میں لیونل میسی ، کرسٹیانو رونالڈو ، محمد صلاح ، نیمر جونئر ، شوراز اور ابراہیموچ موجود ہیں ، بس ان کی تلاش اور صلاحیتوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔اسی ضمن میں اسپورٹس ولیج حیدرآبادکی فٹبال کی عظمت رفتہ بحالی کیلئے پرانے شہر میں عنقریب ایک جامع منصوبے کو روبہ عمل لانے والا ہے۔اسپورٹس ولیج کے مینجنگ پارٹنر اور سی ای او محمد شمس الدین نے کہا کہ چونکہ حیدرآباد کی فٹبال تاریخ کا ماضی سنہری رہا ہے لہذا اس کی عظمت رفتہ بحالی ضروری ہے۔محمد شمس الدین نے مزید کہا کہ اسپورٹس ولیج چونکہ اسپن اور یوروپی فٹبال نظام کی بنیاد پر قائم کیاگیا ہے لہذا اس نے 2015 میں اپنے قیام کے بعد صرف تھوڑے سے عرصہ میں اسپین ،کروشیا اور یورپی ممالک کے دوروں پر نہ صرف حیدآبادی نوجوان فٹبال کھلاڑیوں کا سفر یقینی بنایا ہے بلکہ فیفا ورلڈ کپ کی فائنلسٹ ٹیم کروشیا کے فٹنس کوچ رابرٹ ہروکونڈیک کوحیدرآباد بھی مدعو کیا گیا ہے اور اس وقت منعقدہ کیمپ میں ان کی صلاحتوں سے استفادہ بھی کیا گیا تھا۔علاوہ ازیں بارسلونا ٹینس اکیڈیمی (بی ٹی اے) اور سابق عالمی نمبر ایک گرانڈ سلام چمپئن جسٹن انین آرڈین ٹینس اکیڈیمی کے ساتھ بھی معاہدہ کئے ہیں تاکہ ان کے عالمی تجربات سے حیدرآبادی نوجوان کھلاڑیوں کو استفادہ کا موقع دیا جاسکے۔