حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں کورونا کیسیس جاری

   

زائد ٹسٹ کی صورت میں حقیقی صورتحال منظر عام پر آنے کا امکان
حیدرآباد 19 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے گریٹر حیدرآباد کو گرین زون میں تبدیل کردیا لیکن کورونا پازیٹیو کیسیس میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں کورونا پازیٹیو کیسیس منظر عام پر آئے اور سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 40 پازیٹیو کیس پائے گئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سرکاری سطح پر کورونا ٹسٹ کے اہتمام میں حکومت احتیاط سے کام لے رہی ہے۔ بڑے پیمانے پر ٹسٹ منعقد کرنے کی صورت میں حقیقی صورتحال منظر عام پر آسکتی ہے اور طبی ماہرین نے بھی حکومت کو یہی مشورہ دیا تھا۔ اِس کے باوجود حکومت نے خانگی لیابس کو کورونا ٹسٹ کی اجازت نہیں دی۔ گریٹر حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں کورونا کے تازہ کیسیس منظر عام پر آئے ہیں۔ امیر پیٹ کے نیچر کیور ہاسپٹل میں 82 افراد کا کورونا ٹسٹ کیا گیا جن میں 26 کا نتیجہ پازیٹیو پایا گیا۔ دیگر افراد کی رپورٹ آنی ابھی باقی ہے۔ فیور ہاسپٹل میں 14 مشتبہ مریضوں کو خصوصی وارڈ میں شریک کیا گیا ہے۔ خون کے نمونے حاصل کئے گئے ہیں جنھیں جانچ کے لئے روانہ کیا گیا ہے۔ کنگ کوٹھی ہاسپٹل میں 91 کے منجملہ 33 میں کورونا کے اثرات پائے گئے۔ 14 کو ہاسپٹل میں شریک کرلیا گیا۔ ایرہ گڈہ چیسٹ ہاسپٹل میں ایک کورونا پازیٹیو مریض کو گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ 8 افراد کو منفی نتیجہ آنے پر ڈسچارج کردیا گیا۔ ہاسپٹل میں فی الوقت 2 مشتبہ مریض زیرعلاج ہیں۔ چیتنیا پوری ڈیویژن میں کورونا کا ایک پازیٹیو کیس منظر عام پر آیا ہے۔ ملک پیٹ مارکٹ میں ایک تاجر کو کورونا پازیٹیو آنے کی حکام نے توثیق کی ہے۔ جن علاقوں میں بھی کورونا کے نئے کیسیس منظر عام پر آئے اُنھیں کنٹینمنٹ زون میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ ملک پیٹ کے سلیم نگر علاقہ میں واقع ایک اپارٹمنٹ میں ایک پازیٹیو کیس پایا گیا۔ شیرلنگم پلی، ضیاء گوڑہ، گوشہ محل اور کرما گوڑہ علاقوں میں بھی کورونا کے تازہ پازیٹیو کیس منظر عام پر آئے ہیں۔ ضیاء گوڑہ میں ایک 75 سالہ تاجر کی کورونا کے سبب موت واقع ہوگئی۔