آر ٹی سی کا مسافروں کیساتھ متعصبانہ رویہ، مسافروں میں ناراضگی
حیدرآباد: شہر حیدرآباد کے پرانے شہر کے علاقہ میں کسی بھی مقام پر کوئی اے سی بس خدمات نہیں ہیں اور نہ ہی تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جانب سے اس سلسلہ میں مستقبل قریب میں کوئی منصوبہ تیار کیا گیا ہے کہ پرانے شہر کے علاقوں میں ائیر کنڈیشن بس خدمات کا آغاز کیا جائے۔پرانے شہر کے عوام کے ساتھ مختلف خانگی اداروں کے سلوک بالخصوص بینکوں کی جانب سے پرانے شہر کے علاقوں کو بلیک لسٹ کئے جانے کی شکایات تو عام ہیں لیکن سرکاری محکمہ کی جانب سے بھی پرانے شہر کے عوام کے ساتھ رواسلوک سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ پرانے شہر کے رہنے والوں کو دوسرے درجہ کے شہری تصور کرتے ہیں کیونکہ کارپوریشن کو اس سلسلہ میں متعدد مرتبہ توجہ دہانی کے باوجود اب تک پرانے شہر میں کسی بھی روٹ پر اے سی بس چلانے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے اور اب جبکہ موسم گرما کی آمد ہونے لگی ہے ایسے میں شہر کے دیگر علاقوں میں ائیر کنڈیشن بسوں کی خدمات کا آغاز کیا جانے لگا ہے اور کہا جا رہاہے کہ حیدرآباد میٹرو ریل سے تجارتی مقابلہ کے لئے آرٹی سی کی جانب سے معیاری ائیر کنڈیشن بسوں میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ مسافرین کو بہتر سہولت فراہم کی جاسکے لیکن پرانے شہر کے عوام کا مسئلہ یہ ہے کہ نہ ہی انہیں میٹرو کی سہولت حاصل ہے اور نہ ہی ائیر کنڈیشن بس پرانے شہر میں چلائی جاتی ہے۔ ائیر کنڈیشن بسوں کے پرانے شہر میں چلانے کے سلسلہ میں استفسار پر عہدیداروں کا کہناہے کہ پرانے شہر کی سڑکیں چھوٹی ہونے کے سبب وہ ان علاقوں میں اے سی بس شروع کرنے کے حق میں نہیں ہیں لیکن شائد آرٹی سی کے ذمہ دار اس بات سے واقف نہیں ہیں کہ پرانے شہر میں کئی اہم سڑکوں کی توسیع ہوچکی ہے اور شہر کے کئی علاقوں سے اے سی بسوں کے آغاز کا مسلسل مطالبہ کیا جانے لگا ہے اس کے باوجود بھی شہر حیدرآباد کے اس خطہ کو اے سی بسوں کے آغاز کے لئے مسلسل نظر انداز کیا جاتا رہا ہے اور کہا جا رہاہے کہ پرانے شہر میں اے سی بسوں کے آغاز سے آر ٹی سی پر مالی بوجھ عائد ہوگا اور استعمال کنندگان کی تعداد کم ہوگی اگر آرٹی سی کی جانب سے پرانے شہر میں اے سی بس خدمات طویل مسافت کیلئے شروع کی جاتی ہیں تو ایسی صورت میں ان بسوں میں درکار مسافرین کی تعداد بہ آسانی سفر کرسکتی ہے اور عوامی ذرائع حمل و نقل کے استعمال کے رجحان میں اضافہ کی صورت میں عوام کو سہولت اور آرٹی سی کی آمدنی دونوں میں اضافہ کے امکانات روشن ہوسکتے ہیں۔