حیدرآباد۔22اگسٹ(سیاست نیوز) دونوشہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے کورونا وائرس کے ٹیکوں کے سلسلہ میں سروے کیا جانے لگا ہے اور جن گھروں میںٹیکہ اندازی مکمل ہوچکی ہے ان گھروں پرسرٹیفیکیٹ کی جانچ کے بعد اسٹیکر چسپاں کئے جا رہے ہیں اور جن گھروں میں کورونا وائرس کا ٹیکہ نہیں لیا گیا ہے ان گھروں سے ٹیکہ نہ لینے والوں کی تفصیلات حاصل کی جانے لگی ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہبلدیہحیدرآباد کی جانب سے دونوں شہروں میں صد فیصد ٹیکہ اندازی پروگرام کے تحت کی جانے والی کاروائی کے تحت یہ پروگرام شروع کیا گیا ہے اور جن لوگوں نے ٹیکہ حاصل نہیں کیا ہے انہیں ٹیکہ دینے کی مہم چلائی جا رہی ہے۔ کورونا وائرس کے ٹیکہ کے متعلق عوامی خدشات کو دور کرنے کے علاوہ انہیں ان کے گھر پر ٹیکہ دینے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ شہر حیدرآباد میں آئندہ دو ماہ کے دوران مکمل ٹیکہ اندازی کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں شروع کی گئی اس مہم کا مقصد شہر حیدرآباد کو کورونا وائرس سے محفوظ بنانے کی کوشش کرنا ہے۔ تلنگانہ میں کورونا وائرس کے ٹیکہ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے علاوہ شہریو ںمیں شعور بیداری کے مختلف پروگرامس چلائے جا رہے ہیں لیکن ان پروگرامس کے باوجود بھی کئی علاقوں میں شہروں کی جانب سے ٹیکہ اندازی میں دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کیا جا رہاہے جو کہ حکومت اور محکمہ صحت کے لئے درد سر بنا ہوا ہے۔ گھر گھر سروے میں شامل عہدیداروں نے بتایا کہ جن گھروں میں مکمل ٹیکہ اندازی ہوچکی ہے ان گھروں کے ذمہ داروں کی مدد حاصل کرتے ہوئے اس علاقہ کے عوام میں شعور اجاگر کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے تاکہ ان کے اپنے پڑوسیوں کی جانب سے ٹیکہ حاصل کرنے کے تجربات کو سامنے لاتے ہوئے ٹیکہ نہ لینے والوں کو ٹیکہ کے حصول کیلئے راضی کیا جاسکے۔ ذرائع کے مطابق بلدیہ حیدرآبادکی جانب سے آئندہ 3ہفتوں تک آشا ورکرس کے علاوہ دیگر محکمہ جات کے عملہ کی مدد سے ٹیکہ حاصل کرنے والوں کی نشاندہی اور ان کے مکانات پر اسٹیکرس چسپاں کئے جائیں گے اور اس سلسلہ میں تفصیلی رپورٹ محکمہ صحت اور حکومت کو روانہ کردی جائے گی۔ M
