چیف منسٹر ریونت ریڈی کو ارکان اسمبلی کے مکتوبات
حیدرآباد۔27۔اگسٹ(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ ’حیدرا‘ کے طرز پر ریاستی سطح کے ادارہ کے قیام پر غور کر رہی ہے!حکومت تلنگانہ کی جانب سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے تحت قائم کئے گئے شعبہ ’حیدرا‘ کی کاروائیوں سے متاثر ہوتے ہوئے ریاست کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ’حیدرا‘ کے طرز پر ریاستی ایجنسی کے قیام کا مطالبہ شروع کردیا ہے۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے دائرہ میں موجود تالابوں ‘ سرکاری اراضیات اور کنٹوں کے تحفظ کے لئے حکومت کی جانب سے قائم کئے گئے اس شعبہ کی کارکردگی اور سرکردہ شخصیات کی جائیدادوں کے خلاف کی گئی کاروائی کے بعد حکومت کو حاصل ہونے والی عوامی تائید کو دیکھتے ہوئے اضلاع کی نمائندگی کرنے والے ارکان اسمبلی نے چیف منسٹر سے نمائندگیوں کا آغاز کردیا ہے تاکہ حکومت کی جانب سے ریاستی سطح پر تالابوں ‘ کنٹوں‘ سرکاری جائیدادوں کے تحفظ کے لئے شعبہ قائم کیا جائے ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے ’حیدرا‘ کی کاروائی میں کسی بھی طرح کی مداخلت نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ادارہ کومکمل اختیارات دینے کا اعلان کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق ’حیدرا‘ کی کاروائیوں پر حکومت کو غیر سرکاری تنظیموں و اداروں کے علاوہ ارکان اسمبلی کی حاصل ہونے والی تائید کو دیکھتے ہوئے حکومت نے اعلیٰ عہدیداروں کو اس بات کی ہدایت دی ہے کہ وہ ریاستی سطح پر موجود تالابوں اور کنٹوں کے علاوہ سرکاری اراضیات کی نشاندہی کرتے ہوئے اس کی تفصیلات جمع کریں تاکہ حکومت اضلاع سے موصول ہونے والی نمائندگیوں کا جائزہ لیتے ہوئے اس سلسلہ میں فیصلہ کرسکے۔3