کمشنر ، ایڈیشنل کمشنر کے علاوہ ڈی ایس پیز ، انسپکٹران و سب انسپکٹران شامل
حیدرآباد۔26 ۔ستمبر۔(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے جی او ایم ایس 108 جاری کرتے ہوئے ’حیڈرا‘ کے لئے 169کے عملہ کو منظوری دے دی ہے۔ حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے عہدیداروں اور عملہ کی جائیدادوں کی منظوری کے لئے جی او کے مطابق ان 169 جائیدادوں میں کمشنر ’حیڈرا‘ اور اڈیشنل کمشنر ’حیڈرا‘ کے عہدوں کو کیڈر پوسٹ یعنی آل انڈیا سروس کے عہدہ کے عہدیداروں کے لئے رکھا گیا ہے۔ کمشنر ’حیڈرا‘ کے عہدہ پر جس عہدیدارکا تقرر کیا جائے گا وہ آل انڈیا سروس رینک عہدیدار ہوگا جبکہ اڈیشنل کمشنر کے عہدہ پر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس رینک کے عہدیدار کا تقرر کیا جائے گا۔ اسی طرحتین اوراڈیشنل کمشنر کے عہدہ پر سپرنٹنڈنٹ پولیس رینک کے عہدیدار کا تقرر عمل میں آئے گا۔ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس رینک کے 5 عہدیداروں کی خدمات فراہم کرنے کی منظوری دینے کے علاوہ 16 انسپکٹر آف پولیس رینک کے عہدیداروں کی خدمات ’حیڈرا‘ کے حوالہ کرنے کے احکام جاری کئے ہیں۔اسی طرح 16 سب انسپکٹران پولیس کی خدمات حوالہ کرنے کا بھی فیصلہ کیاگیا ہے۔ محکمہ مال سے 3 ریونیو انسپکٹر ‘ 6 ریونیو سب انسپکٹر کی جائیدادوں کو بھی منظوری دی گئی ہے۔ محکمہ فینانس کی جانب سے جاری کئے گئے ان احکامات میں ’حیڈرا‘ کے لئے 60پولیس کانسٹبلس ‘ 12 اسٹیشن فائر آفیسر ‘ 10 اسسٹنٹ انجنیئر‘ 1 ریجنل فائر آفیسر ‘ 1 اڈیشنل ڈسٹرکٹ فائر آفیسر کے علاوہ دیگر عہدوں پر جائیدادوں کو منظوری فراہم کی گئی ہے۔حکومت نے ’حیڈرا‘ کے لئے جن جائیدادوں کو منظوری دی ہے ان میں 1 ڈپٹی کلکٹر ‘ 3 سرویئر‘ 3 تحصیلداروں کے لئے بھی منظوری فراہم کی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے ان احکامات کی اجرائی کے بعد ’حیڈرا‘ کے اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے 169 کے عملہ پر مشتمل اس ٹیم کی تیاری کے سلسلہ میں مختلف محکمہ جات میں خدمات انجام دینے والے عہدیداروں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کی خدمات کے حصول کی منصوبہ بندی کی جائے گی اور آئندہ دو ہفتوں کے دوران ’حیڈرا‘ کے لئے منظورہ تمام جائیدادوں پر تقررات کو یقینی بناتے ہوئے عہدیداروں کی خدمات کے حصول کے سلسلہ میں اقدامات کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق عہدیدار جنہیں ’حیڈرا‘ میں خدمات کی انجام دہی کے لئے منتخب کیا جائے گا ان عہدیداروں کی آمد کے بعد اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے پولیس اسٹیشن اور دیگر دفاتر کے سلسلہ میں علحدہ طور پر اقدامات کئے جائیں گے۔3