خاتون آئی اے ایس عہدیدار کی رہائش گاہ پر ای ڈی کا دھاوا

   

رانچی : سنٹرل انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی ٹیم نے غیر قانونی کانکنی کے سلسلے میں جھارکھنڈ سمیت کئی ریاستوں میں بیک وقت چھاپے مارے ہیں۔ای ڈی ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق جمعہ کی صبح ای ڈی کی ٹیم نے جھارکھنڈ، بہار، راجستھان، ہریانہ اور این سی آر میں 18 مقامات پر بیک وقت چھاپے مارے ہیں۔ مائننگ سکریٹری اور آئی اے ایس آفیسر پوجا سنگھل کی سرکاری رہائش گاہ اور رانچی میں ان کے شوہر کی رہائش سمیت کئی مقامات پر ای ڈی کے چھاپے جاری ہیں۔ تاجر امت اگروال کے بھی کئی مقامات پر بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔بتایا جا رہا ہے کہ ای ڈی کی کارروائی میں دہلی، اتر پردیش، مدھیہ پردیش یونٹوں کے افسران شامل ہیں۔ پنچوٹی ریذیڈنسی، بلاک نمبر 9، چاندنی چوک، ہری اوم ٹاور، نئی بلڈنگ، لال پور، پلس ہاسپٹل، بریاتو، آئی ایس پوجا سنگھل کی سرکاری رہائش گاہ پر ای ڈی کے چھاپے جاری ہیں۔ دوسری طرف ایم پی نشی کانت دوبے نے بھی ای ڈی کے چھاپے کے حوالہ سے ٹوئٹ کیا ہے ۔دھاوے کے دوران ای ڈی کے عہدیداروں کو 25کروڑ روپئے نقد برآمد ہوئے جس نے عہدیداروں کو بھی حیران کردیا کہ ایک خاتون آئی اے ایس عہدیدار بھی اتنی زیادہ کرپٹ ہوسکتی ہے۔