خاتون ٹینس ایونٹس 2 مئی تک ملتوی،فرنچ اوپن پر بھی سوالیہ نشان

   

سینٹ پیٹرزبرگ۔17مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ڈبلیو ٹی اے نے کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر خاتون زمرے کے ٹینس کا سیزن دو مئی تک معطل کردیا جس کے باعث اسٹٹ گارٹ، استنبول اور پراگ میں ایونٹس کا انعقاد نہیں ہو سکے گا۔یاد رہے کہ مینز اے ٹی پی ٹورمقابلے بھی 27 اپریل تک روک دیئے گئے تھے اور ڈبلیو ٹی اے کے ترجمان نے واضح کردیا کہ موجودہ حالات میں مقابلوں کا انعقاد دو مئی سے قبل ممکن نہیں ہے لہٰذا ڈبلیو ٹی اے کے ٹورنمنٹس کا اسٹٹ گارٹ،استنبول اور پراگ میں وقت کے مطابق انعقاد ممکن نہیں ہو سکے گا۔ ڈبلیو ٹی اے ترجمان نے کہا ہے کہ آنے والے ایک ہفتے کے دوران ڈبلیو ٹی اے یورپین کلے کورٹ ایونٹس سے متعلق بھی مناسب فیصلہ کرلیا جائے گا اورکوشش رہے گی کہ حالات کا تواتر کے ساتھ جائزہ لیا جاتا رہے کہ کورونا وائرس کے ڈبلیو ٹی اے ٹور 2020 پرکیا اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔واضح رہے کہ سیزن کے دوسرے گرانڈ سلام ایونٹ فرنچ اوپن کا 24 مئی سے انعقاد ہونا ہے تاہم مسائل برقرار رہے تو اسے بھی ملتوی کیا جا سکتا ہے۔