خواتین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ پر شی ٹیم کی کارروائی میں نوجوان و کم عمر لڑکوں کیخلاف کارروائی
حیدرآباد ۔ 9 نومبر ۔ ( سیاست نیوز ) اسکول میں ساتھی خاتون ٹیچرس اور لڑکیوں کے ساتھ بدسلوکی کرنے اور انھیں جنسی خواہش پورا کرنے کیلئے مجبور کرنے والا بدقماش اسکول ٹیچر بالآخر گرفتار کرلیا گیا ۔ 28 سالہ سرینواس چاری کو شی ٹیم رچہ کنڈہ نے ایک خاتون اسکول ٹیچر کی شکایت پر گرفتار کرلیا۔ شی ٹیم رچہ کنڈہ نے اپنی کارروائی میں ایک ایسے بدقماش نوجوان کو بھی گرفتار کرلیا جو شادی شدہ خاتون کو جنسی خواہش پورا کرنے کیلئے پریشان کررہا تھا ۔ خاتون کی تصاویر کو حاصل کرنے کے بعد ان تصاویر کے ذریعہ خاتون کو پریشان کررہا تھا اور خاتون کے شوہر کو تصاویر بتانے کی دھمکیاں دے رہا تھا ۔ شی ٹیم رچہ کنڈہ کی جانب سے اسکول ٹیچر سرینواس چاری کی گرفتاری پر اسکول ـکا خاتون عملہ اور کئی لڑکیوں نے چین کی سانس لی ۔ سرینواس چاری خاتون ساتھیوں ، اسکول ٹیچرس اور لڑکیوں کو ذومعنی الفاظ میں پریشان کرتا تھا ۔ اسکول میں کلاس کے دوران سیلبس کے ذریعہ ذومعنی باتیں کرتے ہوئے لڑکیوں سے آلودہ شہوت باتیں کرتا تھا ۔ کئی لڑکیاں اور ساتھی خاتون عملہ اس کی حرکتوں سے تنگ آچکی تھیں لیکن شکایت کرنے کی ہمت نہیں کرتی تھیں ۔ ایک 35 سالہ اسکول ٹیچر اس کی ہراسانی سے تنگ آچکی تھی جس نے شی ٹیم سے مسئلہ کو رجوع کردیا جبکہ دوسرے واقعہ میں پولیس نے 22 سالہ راولہ ناگیشور کو گرفتار کرلیا جو پیشہ سے خانگی ملازم اور کھمم کا متوطن ہے ۔ اس نے ایک 22 سالہ شادی شدہ خاتون کی تصاویر کو حاصل کرلیا ۔ خاتون سے جان پہچان بنانے کے بعد اس کے علم میں لائے بغیر اس کی تصاویر کو حاصل کرلیا اور ان تصاویر سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے خاتون کو ہراساں کرنے لگا اور جنسی خواہش کی تکمیل کیلئے خاتون پر دباؤ ڈالنے لگا اور تصاویر کو شوہر سے رجوع کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے اذیت پہونچارہا تھا ۔ اس خاتون نے ناگیشور کے نمبر کو بلاک کردیا تھا جس کے بعد وہ دوسرے نمبر سے فون کرتے ہوئے خاتون کو پریشان کررہا تھا ۔ شی ٹیم نے شادی شدہ خاتون کی شکایت پر مقدمہ درج کرتے ہوئے ناگیشور کو گرفتار کرلیا ۔ شی ٹیم نے اپنی کارروائی میں (125) منچلے نوجوانوں کو حراست میں لے لیا جن میں (74) کم عمر لڑکے پائے گئے ۔ 28 مقدمات درج کرتے ہوئے 38 افراد کی کونسلنگ کی گئی ہے ۔ ع