خاتون پہلوانوں کے ساتھ جنسی استحصال معاملے میں برج بھوشن کو عدالت سے ملی ضمانت، اگلی سماعت 2 دن بعد

   

نئی دہلی: خاتون پہلوانوں کے ساتھ جنسی استحصال کے الزام کا سامنا کر رہے بی جے پی رکن پارلیمنٹ برج بھوشن سنگھ کو کل دہلی کی ایک عدالت نے عبوری ضمانت دے دی۔ دہلی کے راؤز ایوینیو کورٹ کے ذریعہ سمن جاری کیے جانے کے بعد منگل کے روز برج بھوشن کی پیشی ہوئی اور سماعت شروع ہونے کے کچھ ہی دیر بعد عبوری ضمانت پر فیصلہ آگیا۔ عدالت نے اس معاملے میں برج بھوشن اور شریک ملزم ونود تومر کو 2 دن کے لیے یہ راحت دی ہے۔ اس معاملے میں اگلی سماعت 2 دن بعد کی ہی طے کی گئی ہے۔ راو?ز ایوینیو کورٹ نے یہ ضمانت 25 ہزار روپے کے ذاتی مچلکہ پر دی ہے۔ اب عدالت 20 جولائی کی دوپہر 12.30 بجے اس معاملے پر سماعت کرے گی جہاں مستقل ضمانت پر سماعت ہو سکتی ہے۔منگل کے روز برج بھوشن کی پیشی سے پہلے عدالت میں سخت سیکورٹی کا انتظام کیا گیا تھا۔ برج بھوشن کی طرف سے وکیل اے پی سنگھ اور راجیو موہن نے دلیل پیش کی جبکہ دہلی پولیس کی طرف سے اتل شریواستو نے اپنی بات رکھی۔ دہلی پولیس نے ضمانت دینے کی مخالفت کی اور کہا کہ ایسا ہونے پر وہ گواہوں کو متاثر کر سکتے ہیں۔