ڈائرکٹر جنرل پولیس نے پیشرفت کا جائزہ لیا ۔ ملزمین کو سخت ترین سزا دلانے کی ہدایت
حیدرآباد 2 ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) خاتون ڈاکٹر کی عصمت ریزی اور قتل کے مقدمہ کی تحقیقات کرنے والی تلنگانہ پولیس سے کہا گیا ہے کہ وہ ایک مقررہ وقت میں تحقیقات کو مکمل کرے اور عدالت میں ملزمین کیلئے سخت ترین سزا کو یقینی بنانے کی کوشش کرے ۔ تلنگانہ کے ڈائرکٹر جنرل پولیس ایم مہیندر ریڈی نے اتوار کی رات ایک جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے یہ ہدایات جاری کیں ۔ انہوں نے اس اجلاس میں اب تک اس کیس میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا ۔ مہیندر ریڈی نے قبل ازیں مقام واردات کا معائنہ کیا ۔ اس واقعہ سے 2012 کے دہلی کے نربھئے کیس کی یاد تازہ ہوگئی ہے اور ملک بھر میں اس کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہے ۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ڈائرکٹر جنرل پولیس نے متعلقہ عہدیداروں کو کچھ ہدایات دی ہیں۔ تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے ۔ ایک مقررہ وقت میں ہم تحقیقات مکمل کرلیں گے ۔ عہدیدار نے مزید کہا کہ پولیس کی جانب سے وزارت قانون سے درخواست بھی کردی گئی ہے کہ وہ اس مقدمہ کی سماعت کیلئے ایک فاسٹ ٹریک عدالت قائم کرے جس میں چاروں ملزمین کے خلاف مقدمہ چلایا جائیگا ۔ پولیس اس سنگین ترین جرم کے مرتکبین کو سخت ترین سزائیں دلانے کیلئے کوشش کریگی ۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے بھی کل اعلان کیا تھا کہ اس مقدمہ کی سماعت کیلئے ایک فاسٹ ٹریک عدالت تشکیل دی جائیگی ۔ انہوں نے متاثرہ خاندان کو بھی ہر ممکنہ مدد کا تیقن دیا تھا ۔ سائبر آباد پولیس کی جانب سے میڈیا سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ اس کیس کی مسلسل رپورٹنگ یا پروگرامس کی نشریات سے اجتناب کریں۔