خاتون کارپوریٹر کے شوہر کی اے کے 47 کے ساتھ تصویرکشی

,

   

سوشیل میڈیا پر تصویر وائرل، ٹی آر ایس کارپوریٹر
سری لتا کو الجھن، سائبرآباد پولیس مصروف تحقیقات

حیدرآباد ۔ /11 مارچ (سیاست نیوز) ٹی آر ایس پارٹی کے عطاپور ڈیویژن کے جی ایچ ایم سی کارپوریٹر کورانی سری لتا کے شوہر کورانی مہاتما اے کے 47 رائفل کے ساتھ فوٹو نے انہیں پریشانی میں ڈال دیا ۔ کارپوریٹر کے شوہر نے ایک نامعلوم مقام پر اے کے 47 رائفل کے ساتھ تصویر کشی کی اور اس فوٹو کو واٹس ایپ کے ڈیسک پروفائل پر اپ لوڈ کی ۔ یہ فوٹو اندرون ایک دن وائرل ہوگئی جس کے بعد کارپوریٹر کے شوہر پریشانی کا شکار ہوگئے اور اپنا فون بند کرکے لاتپہ ہوگئے ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ کارپوریٹر کے شوہر نے کسی آرمڈ پولیس جوان سے AK47 حاصل کی اور اس کے ساتھ تصویر کشی کی ۔ فوٹو وائرل ہونے کے نتیجہ میں سائبرآباد پولیس بھی چوکس ہوگئی اور اس معاملہ میں تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے ۔ حالانکہ بعض پولیس عہدیدار کارپوریٹر کے شوہر کی اس حرکت کو جرم قرار دینے سے گریز کررہے ہیں جبکہ اس معاملہ کی تحقیقات کی جارہی ہے ۔ اس سلسلہ میں ربط پیدا کئے جانے پر اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس راجندرنگر کے اشوک چکرورتی نے کہا کہ انہیں بھی اس بات کا علم ہوا ہے کہ کارپوریٹر کے شوہر نے AK47 کے ساتھ تصویر کشی کی اور یہ فوٹو سوشیل میڈیا پر وائرل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ماتحتوں کو اس معاملہ میں تحقیقات کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور کارپوریٹر کے شوہر کے خلاف درخواست موصول ہونے پر ایک مقدمہ بھی درج کیا جاسکتا ہے ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔