ایک اور لڑکی اور خاتون کے شوہر کو بھی قتل کرنے کے منصوبے کا انکشاف
حیدرآباد ۔ 16 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : خاتون کی خاطر اس کی بیٹی کا قتل کرنے والے ایک قاتل کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ خاتون کو حاصل کرنے اور اس کے ساتھ زندگی بسر کرنے کے لیے تروپتی نے اس کی 7 سالہ لڑکی کا اغوا کرلیا اور اس کا قتل کردیا جب کہ یہ جنونی عاشق خاتون کی دوسری بیٹی کے علاوہ اس کے دوسرے شوہر کے قتل کا بھی منصوبہ رکھتا تھا ۔ پولیس سورارام نے ایک کارروائی کے دوران تروپتی کو گرفتار کرلیا ۔ تقریبا 30 گھنٹوں کی طویل مشقت اور سینکڑوں کیمروں کی جانچ کے بعد پولیس نے قاتل کو گرفتار کرلیا جس نے پولیس کو دئیے گئے اپنے اقبالی بیان میں حیرت انگیز انکشافات کرتے ہوئے چونکا دیا ۔ پولیس کے مطابق تروپتی لڑکی کی والدہ سے محبت کرنے لگا تھا ۔ 13 اکٹوبر کو صبح 7 سالہ لڑکی جوشنا اچانک لاپتہ ہوگئی جوشنا اپنی والدہ اور بہن کے ہمراہ والدہ کے عاشق کے ساتھ سورارام میں رہتی تھی ۔ تروپتی بھی ان کے پڑوس میں رہتا تھا ۔ عادل آباد سے سات ماہ قبل یہ خاندان حیدرآباد منتقل ہوا تھا ۔ کمسن کی والدہ نے شوہر کی موت کے بعد حیدرآباد منتقل ہوگئی اور اس نے پربھاکر کے ساتھ زندگی بسر کرنا شروع کردیا ۔ اپنی دو لڑکیوں کے ہمراہ خاتون زندگی بسر کررہی تھی ، تروپتی اس خاتون سے محبت کرنے لگا اور کسی بھی حال خاتون کے ساتھ زندگی بسر کرنے کا فیصلہ کرلیا لیکن اس کی اس کوشش میں خاتون کی لڑکیاں اور دوسرا شخص جس کے ساتھ خاتون زندگی بسر کررہی تھی اہم رکاوٹ بن رہے تھے ۔ پولیس کے مطابق تروپتی نے خاتون سے قربت پیدا کرلی اور اس کی لڑکیاں بھی اس سے قریب ہوگئیں دسہرہ تہوار کے دن تروپتی جوشنا کو اپنے ساتھ موٹر سائیکل پر لے گیا ۔ لڑکی تروپتی کو ماما کہتی تھی تروپتی نے لڑکی کا قتل کردیا اور نعش کو پھینکنے کے بعد دیگر پڑوسیوں اور پولیس کے ساتھ اس کی تلاش شروع کردی ۔ پولیس نے 30 گھنٹوں کی طویل مشقت کے بعد اسے گرفتار کرلیا ۔