ڈھاکہ ۔ 25 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیشی حزب اختلاف کی رہنما اور سابق وزیر اعظم خالدہ ضیائکو انسانی بنیادوں پر مدد کے جذبے کے تحت چھ ماہ کے لیے رہا کر دیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ اسد الزمان خان نے بتایا کہ خالدہ ضیائکو ان شرائط پر رہا کیا گیا ہے کہ ان کا ان کے گھر میں علاج جاری رہے گا اور وہ ملک سے باہر سفر نہیں کریں گی۔ ان کی اس دوران کسی بھی سیاسی سرگرمی پر بھی پابندی ہے۔ چوہتر سالہ خالدہ ضیا دو مرتبہ بنگلہ دیش کی وزیر اعظم رہ چکی ہیں اور سن 2018 سے جیل میں قید ہیں۔ انہیں بدعنوانی کے کیسز میں سترہ برس قید کی سزا ہے تاہم ان کی سیاسی جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کا کہنا ہے کہ خالدہ ضیاء کے خلاف مقدمات سیاسی محرکات کے سبب بنائے گئے تھے۔
