لندن ۔14 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)کورونا وائرس سے بچاو اور اس کے پھیلاو کے پیش نظر خالی اسٹیدیمز میں کرکٹ میچز کی دی گئی تجویز کی مخالفت ہونے لگی ہے۔ آسٹریلیائی سابق کپتان ایلن بارڈر نے بغیر تماشائیوں کے ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں خالی اسٹیدیم میں کھیلنے کا تصور بھی نہیں کر سکتا، خالی اسٹیڈیمز میں میچز ہوئے تو یہ یقین کی نفی ہو گی۔ایلن بارڈر نے کہا ہے کہ ٹیمیں معاون عملہ اور دیگر متعلقہ لوگوں کو اجازت ہو لیکن تماشائی اسٹیدیم نہ آئیں میں ایسا ہوتا ہوا نہیں دیکھ سکوں گا۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ میچز میں یا تو سب کو اجازت ہو یا پھر وبا کے ختم ہونے کا انتظار کریں۔ایلن بارڈر نے تجویز دی کہ ٹی 20 ورلڈ کپ سمیت میچز منسوخ کر دیں اور کسی مناسب وقت کرائیں۔ دوسری جانب آسٹریلیائی بیٹسمین گلین میکسویل نے بھی سابق کپتان ایلن بارڈر کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ بغیر تماشائیوں کے نہیں دیکھ سکتا۔ گلین میکسویل نے کہا ہے کہ میرا خیال میں مستقل قریب میں ایسا ممکن ہے، کھلاڑیوں کے لیے بہت مشکل ہو گا۔