ملی فورم سنگاریڈی کی مسلمانوں سے دردمندانہ اپیل، مراعات میں آسانی ہوگی
سنگاریڈی ۔ 2؍ نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ملی فورم سنگاریڈی کے صحافتی بیان کے بموجب حکومت تلنگانہ نے ریاست تلنگانہ میں 6 نومبر سے ذات پات کا سروے کروانے کا فیصلہ کیا ہے، اس خصوص میں جی او بھی جاری کردیا ہے۔ 6 نومبر 2024 سے گھر گھر سروے پروگرام کو روبہ عمل لایا جارہا ہے، مذکورہ سروے سے تمام ذات پات کے افراد کی آبادی اور ان کی سماجی، معاشی اور تعلیمی صورتحال کا پتہ چلے گا، ملازمین سرکار گھر گھر آکر مکمل جانکاری حاصل کریں گے اس خصوص میں ملی فورم سنگاریڈی تمام مسلم بھائی اور بہنوں سے پر خلوص اپیل کرتی ہے کہ وہ اپنے اپنے گھروں پر پہنچنے والے ملازمین سرکار سے تعاون کریں اور اپنے تمام گھر والوں کے تفصیلات فراہم کریں۔ آدھار کارڈ، راشن کارڈ اور پیان کارڈ تیار رکھیں اور ان کے سوالات کے جوابات دیں ملی فورم سنگاریڈی کی جانب سے سبھی سے پر خلوص گزارش کی جاتی ہے کہ ریاستی حکومت نے مسلمانوں کو بی سی ای زمرے میں رکھا ہے اور کچھ لوگوں کے پاس بی سی بی زمرے کے سرٹیفیکیٹس بھی موجود ہیں، تمام سے گزارش ہے کہ بی سی ای اور بی سی بی کا اندراج ضرور کروائیں تاکہ ہمیں ریاستی حکومت کی جانب سے دی جانے والی مراعات میں آسانی ہوسکے۔ ملی فورم سنگا ریڈی تمام مسلم بھائیوں اور بہنوں سے پرخلوص اپیل کرتی ہے کہ حکومت تلنگانہ کے اس سروے سے مکمل طور پر فائدہ اٹھائیں۔