خانقاہ ترابیہ میں یومِ وصال حضر ت فاطمہ زہرہ ؓوکل ہند مشاعرہ

   

گلبرگہ ۔11 مارچ ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاست کرناٹک کے شہر بنگلور کے قریب خانقاہ ترابیہ ،ہسکور ،الکٹرانک سٹی میں6مارچ ،5رمضان المبارک بروز جمعرات بعد نماز تراویح کل ہند مشاعرہ زیرنگرانی سید محمد زین العابدین ترابی قادری چشتی شطاری سہروردی بندہ نوازی منعقدہوا۔ اس مشاعرہ وجلسہ کی نظامت حضرت اطیب اعجاز نے بخوبی انجام دی اور مشاعرہ کو عروج پر پہنچادیا۔ اس کل ہند نعتیہ ومنقبتی مشاعرہ میں اطیب اعجاز حیدرآباد، انور قادری ترپاتوری(ٹامل ناڈو)، شیخ حبیب (بنگلور)،افتحار ارسل (بنگلور)، عبدالرشیدارشد(حیدرآباد) ، ناداں غازی پوری ،نیاز احمد قادری نے نعتیہ ومنقبتی کلام پیش کیا۔ ابتداء میں تلاوت کلام پاک ، درود شریف اور ذکر کی محفل منعقدہوئی۔ چاروں خانقاہوں کی جانب سے منعقدہونے والے اس جلسہ ومشاعرہ میں سامعین کی کثیرتعداد موجودتھی۔ خواتین کیلئے علیحدہ نشستوں کا اہتمام تھا۔ نمازوںکیلئے وقفہ دیاگیا، جوسامعین قبل از وقت تشریف لائے ان کیلئے باجماعت نماز کااہتمام کیاگیا۔ افطار کااہتمام شعراء،سامعین اور مقررین کیلئے کیاگیا ۔بعدافطار نماز مغرب اور پھر طعام کا اہتمام کیاگیا۔ نماز عشاء اور تراویح کے بعد مشاعرہ کا آغاز ہوا۔ شعراء کرام کے کلام کو سامعین نے خوب پسند کیا اور داد وتحسین سے نوازا۔ چاروں خانقاہوں کے ذمہ داران وبانیان حضرت سید محمد زین العابدین ترابی قادری شطاری، خانقاہ مولا علی کے حضرت خلیفہ غلام عمر محبوب الغدیری الموسوی ، خانقاہ اصدقیہ کے حضرت حافظ وقاری سید امین الحق اصدق چشتی قادری کے بصیرت افروز خطابات ہوئے۔ ان تمام کے خطابات کے دوران سامعین باربار اشک بار ہوتے رہے۔ بعدجلسہ سحری کااہتمام کیاگیا۔ چند روز قبل ایک جلسہ میں خانقاہ مولا علی ، خانقاہ اصدقیہ ،خانقاہ وارثیہ ،خانقاہ امتیازیہ ،خانقاہ اشرفیہ اور دیگر کئی خانقاہ کے ذمہ داروں کی جانب سے حضرت سید محمدزین العابدین ترابی کو’’امیر طریقت‘‘ کے خطاب سے سرفراز کیاگیا ۔ ناظم مشاعرہ وجلسہ اطیب اعجاز نے چاروں خانقاہوں کے ذمہ داروں کیلئے فرمائش پر ایک تہنیتی نظم لکھی جس کوعبدالرشید ارشد نے پیش کیا۔ اس نظم کی خوب پذیرائی ہوئی۔ آخرمیں حضرت سید محمدزین العابدین ترابی کے شکریہ سے قبل دعا ہوئی اور خلیفہ غلام محبوب الغدیری نے بارگاہِ عالیہ حضو ر محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں سلام ودرود کا نذرانہ پیش کیا۔ ماہ رمضان کی مناسبت سے علماء ومشائخین ،شعراء،خادمین اور سامعین کوتحفے پیش کئے گئے۔