حیدرآباد ۔4 ۔ فروری (سیاست نیوز) ایل بی نگر علاقہ میں خانگی دواخانہ کے مینجنگ ڈائرکٹر نے پھانسی لے کر خودکشی کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 40 سالہ ڈاکٹر اجئے کمار ساکن بی این ریڈی نگر ضلع رنگا ریڈی کی شادی کے شویتا سے ہوئی تھی اور انہیں دو بچے بھی ہیں۔ ڈاکٹر اجئے کمار نے چار سل قبل اومکار نگر ایل بی نگر میں ویشنوی ملٹی اسپیشالیٹی دواخانہ قائم کیا تھا ۔ پولیس کے بموجب دواخانہ کی عمارت کا مالک کروناکر ریڈی دواخانہ برخواست کرانے کیلئے مسلسل اجئے کمار کو ہراساں کیا کر رہا تھا اور اس نے دواخانہ کے مینجنگ ڈائرکٹر پر اپنے حامیوں شیوکمار جو ترکیمجال کا سابق سرپنچ ، سرسوتی نگر ریسیڈنس اسوسی ایشن کے صدر میگھا ریڈی ، ڈاکٹر رمیش ، کنڈل ریڈی ، شیوا ریڈی اور یادگیری ریڈی کی مدد سے ایک بیجا مقدمہ میں ماخوذ کرایا تھا۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈاکٹر اجئے کمار گزشتہ ایک ماہ سے ذہنی دباؤ کا شکار ہوگیا اور منگل کی صبح کی اولین ساعتوں میں اس نے دواخانہ میں واقع اپنے چیمبر میں رسی سے پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ صبح 9 بجے تک مینجنگ ڈائرکٹرکے چیمبر کا دروازہ نہ کھلنے پر دواخانہ کے ایک ملازم نے جبراً دروازہ کھول کر اندر داخل ہوا اور اجئے کمار کو پھانسی پر لٹکا ہوا پایا۔ اس واقعہ کے بعد پولیس ایل بی نگر کو آگاہ کیا گیا جس کے نتیجہ میں انسپکٹر ایل بی نگر اشوک ریڈی اور کلوز ٹیم مقام واردات پر پہنچ گئی ۔ پولیس نے چیمبر کی تلاشی کے دوران ایک ڈائری برآمد کی جس میں اجئے کمار نے اپنے مالک مکان اور دیگر کو اس کی موت کا ذمہ دار قرار دیا ۔ متوفی مینجنگ ڈائرکٹر کی بیوی شویتا نے الزام عائد کیا کہ کنڈل ریڈی نے دواخانہ کی برقی سپلائی مسدود کردی تھی اور انہیں ہاسپٹل کی عمارت سے تخلیہ کروانے کیلئے مسلسل دباؤ ڈالا جارہا تھا جس کے نتیجہ میں ڈاکٹر اجئے کمار نے خودکشی کی ہے ۔ پولیس نے مالک مکان اور دیگر کے خلاف اجئے کمار کو خودکشی کیلئے مجبور کیا۔ نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا گیا ہے ۔