خانگی و کارپوریٹ ہاسپٹلس کو اضافی فیس سے روکنے قانون سازی پر زور

   

شیخ عبداللہ سہیل کی وفد کے ساتھ وزیر صحت ایٹالہ راجندر سے نمائندگی
حیدرآباد ۔ 23 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز): صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل نے کانگریس قائدین کے ایک وفد کے ساتھ ریاستی وزیر صحت ایٹالہ راجندر سے ان کی قیام گاہ پر ملاقات کی ۔ انسانیت پر صرف نفع کو ترجیح دیتے ہوئے منظم طریقے سے لوٹ مچانے والے خانگی و کارپوریٹ ہاسپٹلس کو روکنے کے لیے ایک قانون بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک یادداشت پیش کی جس پر ہمدردانہ غور کرنے کا وزیر صحت نے کانگریس قائدین کو تیقن دیا ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شیخ عبداللہ سہیل نے بتایا کہ ریاست ڈینگو ، ملیریا اور وبائی امراض کی لپیٹ میں ہے جس کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے چند خانگی اور کارپورٹ ہاسپٹلس لوٹ مار مچائی ہوئی ہے ۔ غریب و متوسط طبقہ کے افراد کو ڈرا دھمکا کر علاج کے نام پر لاکھوں روپئے کا بوجھ عائد کیا جارہا ہے ۔ ایسی لوٹ مار کو روکنے کے لیے ریاست میں کوئی واضح قانون نہیں ہے جس کی وجہ سے یہ ہاسپٹلس علاج کے نام پر منظم طریقے سے دونوں ہاتھوں سے دولت لوٹ رہے ہیں ۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ خانگی و کارپوریٹ ہاسپٹلس میں رجسٹریشن فیس سے ایمرجنسی طبی خدمات تک سب کافی مہینگی ہوگئی ہے ۔ اس پر سوال کرنے کا مریض یا ان کے رشتہ داروں کو کوئی اختیار نہیں ہے ۔ وینٹی لیٹر یا دوسرے چارجس وصول کرنے کے لیے جو طریقہ کار اپنایا جارہا ہے وہ نامناسب ہے یہاں تک اطلاعات وصول ہورہی ہے ۔ صرف بلز وصول کرنے کے لیے گھنٹوں یا کئی دن تک مریضوں کو وینٹی لیٹر پر رکھا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کا ایک وفد نے چند دن قبل مختلف کارپوریٹ و خانگی ہاسپٹلس کے انتظامیہ سے ملاقات کرتے ہوئے بلز کی وصولی کو باقاعدہ بنانے اور مریضوں سے زیادہ بلز وصول نہ کرنے کی بھی یادداشت پیش کرچکا ہے ۔ ہاسپٹلس انتظامیہ کی جانب سے اس مسئلہ پر غور کرنے کا تیقن دینے کے باوجود ابھی تک کوئی کراروائی نہیں کی گئی ۔ جس کی وجہ سے آج کانگریس کے ایک وفد نے ریاستی وزیر صحت ایٹالہ راجندر سے ملاقات کرتے ہوئے ہائی کورٹ کے برسر خدمت جج پر مشتمل ماہرین ڈاکٹرس کی ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ ان کی سفارشات پر حکومت خانگی و کارپوریٹ ہاسپٹلس کی من مانی کو روکنے کیلئے نیا ریگولیٹری قانون بنائے ۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ مریضوں سے انصاف کرنے کیلئے ریاست میں ایک ریگولیٹری کمیشن بھی قائم کیا جاتا ہے تو یہ اقدام قابل ستائش ہوگا ۔ اگر کسی مریض یا ان کے رشتہ داروں سے کوئی نا انصافی ہوتی ہے تو متاثرین انصاف کے لیے اس کمیشن سے رجوع ہوسکتے ہیں ۔۔