خانگی ٹیچرس کو ماہانہ 5000 روپئے ادا کئے جائیں ، ٹیچر س تنظیموں کا مطالبہ ،10 ماہ تک ادائیگی پر زور

   

حیدرآباد: کورونا وباء کے پیش نظر اسکولوں کو بند کرنے سے مالی مشکلات کا شکار خانگی اسکولوں کے اساتذہ کیلئے حکومت نے امدادی پیکیج کا اعلان کیا ہے لیکن اساتذہ کی تنظیموں نے پیکیج میں اضافہ کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے ماہانہ 2000 روپئے کے بجائے 5000 روپئے کی ادائیگی کی مانگ کی تاکہ ایک خاندان کی بنیادی ضروریات کی تکمیل ہوسکے ۔ ٹیچرس کا کہنا ہے کہ اسکولوں میں دوبارہ باقاعدہ کلاسس کے آغاز تک ماہانہ 5000 روپئے دیئے جائیں یا پھر ماہانہ 2000 روپئے آئندہ 10 ماہ تک ادا کئے جائیں ۔ چیف منسٹر کے پیکیج کا خیر مقدم کرتے ہوئے اساتذہ کی تنظیموں نے کہا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی رقم میں اضافہ کیا جانا چاہئے۔ ماہانہ 2000 روپئے سے خاندان کی کفالت ممکن نہیں ہے ۔ واضح رہے کہ حکومت نے ماہانہ 2000 روپئے کے علاوہ راشن شاپس سے 25 کیلو چاول سربراہ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ حکومت کے اعلانات پر اپریل سے عمل آوری ہوگی۔