پیانگ یانگ:شمالی کوریا نے کروز میزائل کا ایک اور تجربہ کرلیا۔ شمالی کوریا کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق اسٹریٹیجک کروز میزائل کا تجربہ مشرقی ساحل کے قریب بحری جہاز سے کیا گیا۔ شمالی کوریا کے قائد کم جونگ ان بھی میزائل تجربے کے وقت موجود تھے۔ میزائل کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ شمالی کوریا کے قائد کم جونگ ان نے بیان میں کہا کہ خطہ میں امریکہ اور جنوبی کوریا کی مشترکہ جنگی مشقوں کا موثر جواب دیا جائے گا اور شمالی کوریا کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ شمالی کوریا کی جانب سے بیان میں جنوبی کوریا اور امریکہ کی مشترکہ فوجی مشقوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے جنگ کی ریہرسل قرار دیا گیا۔ شمالی کوریا کے ہیکرز جنگی مشقوں سے متعلق کانٹریکٹر کی ای میلز کو بھی نشانہ بنا چکے ہیں۔ امریکہ اور جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے نئے میزائل تجربے کی مذمت کی ہے اور اسے علاقائی امن کیلئے خطرہ قرار دیا ہے۔